مئیرلوٹن حافظ محمد یعقوب حنیف نے سینئر صحافی اور سابق صدر پاکستان پریس کلب یوکے شیراز خان کو تعریفی اسناد سے نوازا
لوٹن (رپورٹ یاسر مغل) لندن کے نواحی ٹائون لوٹن کے مئیر حافظ محمد یعقوب حنیف نے ٹائون ہال مئیر پارلر میں سینئر صحافی اور پاکستان پریس کلب یوکے کے سابق صدر شیراز خان کو انکی صحافتی خدمات کے عوض تعریفی اسناد سے نوازا ۔
اس موقع پر میئر یعقوب حنیف کا کہنا تھا کہ شیراز خان نہ صرف مقامی طور پر صحافت میں کمیونٹی کی خدمات احسن طریقے سے سرانجام دے رہے ہیں بلکہ وہ بین الاقوامی طور پر بھی کمیونٹی کے لئے ایک سفیر کا کردار ادا کررہے ہیں انکی صحافت میں جہاں ایشوز کو اجاگر کیا جاتا ہے وہاں مثبت تعمیری رپورٹنگ بھی ہوتی ہے جس سے مسائل کو حل کرنے میں موثر رہنمائی ملتی ہے ۔
انہوں نے کہا موجودہ دور میں میڈیا کا کردار بہت اہم ہے، انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ برطانوی معاشرے کی اخلاقی قدروں کو اجاگر کیا ہے برطانیہ معاشرہ جمہوریت، آزادی اظہارِ رائے،انسانی حقوق، یکساں مواقع ، بھائی چارگی قانون و انصاف کی عملداری اور ویلفیئر سٹیٹ کے طور پر دنیا میں ایک منفرد مقام رکھتا ہے جسکو زیادہ سے زیادہ اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔
شیراز خان نے مئیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مئیر کی جانب سے تعریفی اسناد سے ان کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے جب کہ اس موقع پر مئیرز پارلر میں مرکزی جامع مسجد کے چیئرمین حاجی محمد قربان اور پاکستان پریس کلب یوکے کے ایگزیکٹو رکن عتیق الرحمن چوہدری بھی موجود تھے۔
حاجی محمد قربان نے کہا کہ شیراز خان مقامی طور پر اوورسیز پاکستانیوں یا کشمیریوں کے لئے گزشتہ تین دہائیوں سے اپنی صحافتی خدمات بھرپور طریقے سے سرانجام دے رہے ہیں، انہوں نے مئیر یعقوب حنیف کو بھی خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے گزشتہ ایک سال سے فعال اور متحرک ہو کر اپنا کردار لوٹن کے لئے سرانجام دے رہے ہیں۔
اس موقع پر مئیر نے کونسل کی جانب سے حاجی قربان اور عتیق الرحمن کو سوئنر پیش کیے۔
Comments are closed.