اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپوزیشن پارلیمنٹ میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا شوق پورا کرلے، ہم پی ڈی ایم کو شکست دیں گے۔
ملتان سے جاری ویڈیو بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا شیرازہ جلد بکھرنے والا ہے، یہ حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے نکلے تھے اب اپنی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کو پی ڈی ایم سے کوئی خطرہ نہیں ہے، یہ پارلیمنٹ میں عدم اعتماد کی تحریک لانے کا شوق پورا کرلیں۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ ہم اپوزیشن اتحاد کی تحریک عدم اعتماد کا سیاسی، جمہوری اور پارلیمانی انداز میں مقابلہ کریں گے اور انہیں شکست دیں گے۔اُن کا کہنا تھا کہ براڈ شیٹ کے حوالے سے شفاف تحقیقات چاہتے ہیں، یہ معاہدہ کب ہوا، کس نے کیا؟ اس سارے معاملے کی پی ٹی آئی ذمے دار نہیں ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ براڈشیٹ ایشو پر جب انکوائری کمیشن بیٹھے گا تو سب کچھ سامنے آجائے گا۔انہوں نے کہا کہ سفارتی سطح پر پچھلے ڈھائی سالوں میں ہمیں بہت سی کامیابیاں ملی ہیں، افغانستان میں امن ہوا اور دیگر معاملات میں بہتری کے ساتھ آگے بڑھے ہیں۔وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ ہمارے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، ہم ڈینئل پرل کے معاملے پر ریویو پٹیشن فائل کر رہے ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کورونا ویکسین لینے کے لیے جہاز چین کے لیے روانہ ہوچکا ہے، کل آنے والی ویکسین کی کھیپ وصول کرنے خود اسلام آباد جاؤں گا۔اُن کا کہنا تھا کہ چین سے آنے والی کورونا ویکسین سب سے پہلے فرنٹ لائن ورکرز کے لیے دستیاب ہوجائے گی۔