ساؤتھ ایسٹ لندن میں کتوں کے حملے سے 2 بچے اور خاتون زخمی

39

لندن :سائوتھ ایسٹ لندن کے علاقے اورپنگٹن کے سینٹ پال کرے میں ہفتہ کو صبح 9 بجے 4 انتہائی خطرناک کتوں کے حملے میں 2 بچے اور خاتون شدید زخمی ہوگئی، ان کو فوری طورپر ہسپتال پہنچایا گیا۔ میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق کتوں کے حملے میں زخمی ہونے والے بچوں کی عمریں بالترتیب 4 اور6 سال جبکہ خاتون کی عمر 30سا ل بتائی جاتی ہے۔

زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔ میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ ایک خاتون کو انتہائی خطرناک کتوں کو کنٹرول میں نہ رکھنے کے شبہے میں گرفتار کرلیا گیا ہے۔ سپرنٹنڈنٹ مچ کار کا کہنا ہے کہ مجھے اندازہ ہے کہ اس واقعے، خاص طور پر کمسن بچوں کے زخمی ہونے کی وجہ سے لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

پولیس نے کتوں کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے اور واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔ کمیونٹی کے لوگوں کو خوف سے نجات دلانے کیلئے اگلے چند دنوں میں علاقے میں اضافی نفری تعینات کردی جائے گی۔ لندن ایمبولنس سروس نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پیرامیڈکس کے ساتھ ایمبولنس کا عملہ بھیجا گیا اور ایک ایئر ایمبولنس بھی بھیجی گئی۔

ایک ترجمان نے بتایا کہ 2 بچوں کو موقع پر ہی طبی امداد دی گئی اور بذریعہ سڑک ہی بڑے ٹراما سینٹر لے جایا گیا، اس واقعے سے پہلے ایک جاپانی اکیتا کتے کے کاٹنے سے زخمی ہونے والی ایک 6 سالہ بچی کوبھی ویسٹ سسیکس کے ہسپتال لایا گیا تھا۔

کتے نے بولیوارڈ ڈورنگٹن ورتھنگ کے اسٹرینڈ پارک میں جمعرات کو شام کو4 سے 4.30 بجے کے درمیاں بچی کو کاٹ لیا تھا۔ سسیکس پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ کتے کو خطرناک طریقے سے گھر سے باہر نکالنے کے الزام میں ایک 53 سالہ خاتون کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

Comments are closed.