لندن:پاکستانی ہائی کمشنر معظم احمد خان نے 15 فروری 2021 کو برمنگھم میں پاکستانی کمیونٹی سے ورچوئل گفتگو کی اور ان کو درپیش مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا ۔ اس تقریب کا اہتمام قونصلیٹ پاکستان برمنگھم نے وزیراعظم کے وژن کی مناسبت سے کیا تھا تاکہ بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی سے قریبی رابطہ قائم رکھا جا سکے۔
اجلاس میں سیاست‘ صحت ‘ تعلیم‘ کاروبار ، سماجی خدمت اور میڈیا سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ڈیاسپورا ارکان نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان کے ہائی کمشنر نے کہا کہ کمیونٹی کی فلاح و بہبود ان کی ترجیح ہے ۔ انہوں نے شرکا کو مشن اور اس کے قونصل خانے کی مستقل کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا جو وہ کمیونٹی کو موثر انداز میں قونصلر سروسز فراہم کرنے کیلئے کر رہا ہے ۔ ہائی کمشنر نے پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو مستحکم کرنے کیلئے پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا ۔ انہوں نے کشمیر کے مقاصد کی مستقل حمایت کرنے پر ڈیاسپورا کا بھی شکریہ اداکیا اور یقین دلایا کہ پاکستان حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا رہے گا ۔