گھریلو تشدد کے ملزمان کو سزا دینے کیلئے نیا قانون متعارف کرانے کا فیصلہ

0 98

لندن:گھریلو تشدد کے خلاف مہم چلانے والوں کے دبائو کے تحت اب حکومت نےایک نیا قانون پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت گلا گھونٹ کر مارنے کی کوشش کرنے والے ملزمان کو 5 سال تک قید کی سزا دی جاسکے گی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اب گھریلو تشدد سے متعلق بل میں ترمیم کا بل پیش کیا جائے گا، پارلیمنٹ میں بحث کے بعد جس کی منظوری دی جائے گی، یہ ترمیم گھریلو تشدد کے مرتکب افراد کے سزا سے بچ نکلنے پر پائی جانے والی تشویش کا تدارک کرنے کیلئے پیش کی جارہی ہے۔ کیونکہ گلا گھونٹنے کی کوشش کے دوران کسی طرح کا زخم نظر نہیں آتا، اس لئے موجودہ قوانین کے تحت مجرموں کو سزا دلانا مشکل ہوجاتا ہے۔ اس قانون کے تحت جابرانہ رویئے پر سزا دینا بھی ممکن ہوجائے گا اور اس کیلئے متاثرہ شخص کو ملزم کے ساتھ رہنا لازمی نہیں رہے گا، اس کے علاوہ انتقامی طورپر پورن بنانے کے ملزمان کے خلاف کارروائی کیلئے بھی قوانین کو توسیع دی جائے گی اور نقصان پہنچانے اور پریشان کرنے کی نیت سے قابل اعتراض تصاویر ظاہر کردینے کی دھمکی پر بھی سزا دی جاسکے گی۔ گھریلو زیادتیوں اور تشدد سے متعلق امور کی کمشنر نکولا جیکب نے کہا ہے کہ قانون میں اس طرح کی تبدیلی سے متاثرین کو زیادہ سپورٹ مل جائے گی اور اس سے زندگیاں بچانے میں مدد ملے گی لیکن اس کے ساتھ ہی انھوں نے وزرا سے مزید پیش رفت کا مطالبہ کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.