این ایچ ایس لاکھوں کمزور افراد کو ٹیکسٹ میسیج کے ذریعے ویکسین لگانے کی ترغیب دیگا

0 122

لندن : این ایچ ایس لاکھوں کمزور افراد کو ٹیکسٹ میسیج کے ذریعے ویکسین لگانے کی ترغیب دے گا۔ اس بات کا فیصلہ اس لئے کیا گیا کہ کوئی ویکسین سے محروم نہ رہے، اس فیصلے کے تحت اختتام ہفتہ کم وبیش 2 ملین افراد کو ٹیکسٹ میسیج بھیجے جائیں گے، جن میں ذیابیطس، مختلف اقسام کے کینسر اور دیگر جان لیوا امراض میں مبتلا افرادشامل ہوں گے۔

اس میسیج میں ان کو پورے انگلینڈ میں موجود ویکسین لگانے کیلئے قائم سینٹر یا فارمیسی میں ویکسین لگوانے کی تاریخ اور وقت حاصل کرنے کیلئے ایک لنک دی جائے گی۔ جن لوگوں کے طبی اعتبار سے کورونا کا شکار ہونے کا خطرہ ہے، انھیں 15 فروری کو ویکسین لگوانے کی دعوت دی گئی تھی۔

این ایچ ایس انگلینڈ کے چیف ایگزیکٹو سر سائمن اسٹیونز نے بتایا کہ بکنگ زور شور سے جاری ہے۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ اختتام ہفتہ نیشنل سروس کے ذریعے این ایچ ایس کے تحت ریکارڈ تعداد میں کورونا سے بچائو کی ویکسین لگائی گئیں اور ایک ملین سے زیادہ افراد کو اپائنٹمنٹس دیئے گئے۔

55 سال سے زیادہ عمر کے کم وبیش 400,000 افراد اور بلا معاوضہ دیکھ بھال کے فرائض انجام دینے والے عملے کے کم و بیش 40,000 افراد کو اگلے ہفتے سب سے پہلے ویکسین لگوانے کی ہدایت کی جائے گی۔ این ایچ ایس کا کہنا ہے کہ پورے ملک میں ویکسین لگانے کیلئے 1600 سے زیادہ سینٹر قائم کئے گئے ہیں، ویکسین لگانے کے یہ سینٹر مساجد، میوزیمز اور رگبی گرائونڈ میں بھی قائم کئے گئے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.