لندن : درجنوں ارکان پارلیمنٹ اور ان کےساتھیوں کا کہنا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران احتجاج کی اجازت دی جانی چاہئے۔60سے زیادہ ارکان پارلیمنٹ اور ان کے ساتھیوں نے وزیر داخلہ کے نام لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ کوویڈ۔ 19کے قانون میں تبدیلی کی جائے تاکہ لاک ڈاؤن کے دوران پیش آنے والے واقعات پر احتجاج ہو سکے۔یہ خط جس کے لکھنے کا انتظام لبرٹی اینڈبگ برادر واچ نامی کمپین گروپ نے کیا تھا، اس میں کہا گیا ہے کہ احتجاج کرنا انسانی حق ہے۔
انگلینڈ کے موجودہ لاک ڈاؤن ضابطوں کے تحت ، احتجاج کو گھر سے نکلنے کے’’معقول عذر‘‘ کے طور پرشامل نہیں کیا گیا ہے۔یہ بات اس وقت سامنے آئی ہے جب ہفتہ کو انسداد لاک ڈاؤن مہم چلانے والوں کی جانب سے مزید مظاہروں کی منصوبہ بندی کی جارہی تھی۔ ہوم آفس نے کہا کہ لوگوں کی احتجاج میں اس وقت شرکت غیر قانونی ہے کیونکہ کوویڈ وائرس کو وسیع پیمانے پر پھیلنے سے روکنے کے لئے موجود قواعد و ضوابط کے تحت لوگوں کا محدود استثنیات کے سوا ہر وقت گھر پر رہنا ضروری ہے ۔
گذشتہ ہفتے کے آخر میں ، پولیس پر سارہ ایورارڈ کے قتل کے بعد ویجل میں شریک خواتین کو گرفتار کرنے پر تنقید کی گئی تھی۔وزیر داخلہ پریٹی پٹیل نے پولیس واچ ڈاگ ہز میجسٹی کے انسپکٹوریٹ آف کانسٹیبلری (ایچ ایم آئی سی) کو ہدایت کی ہے کہ اس واقعہ کی پولیسنگ سےسبق سیکھنے کا جائزہ لیا جائے ۔ ایک دن قبل ، مہم چلانے والوں نے بغیر کسی کامیابی کے ہائیکورٹ کو راغب کرنے کی کوشش کی کہ ویجل کو کورونا وائرس کے ضوابط سے مستثنیٰ کردیا جائے۔