واشنگٹن: امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سینئر مشیر جیسن ملر نے انکشاف کیا ہے کہ سابق صدر بہت جلد اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ساتھ واپسی کرنے والے ہیں۔
جیسن ملر کمیونیکیشن ایکسپرٹ ہیں جنہوں نے 2016 کی ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی مہم میں اہم کردار ادا کیا تھا، اس کے علاوہ وہ 2020 کے صدارتی الیکشن میں بھی ٹرمپ کے سینئر مشیر کے طور پر خدمات سرانجام دیتے ہوئے نظر آئے۔
جیسن ملر نے کہا ’میرا خیال رہے کہ ہم صدر ٹرمپ کو اگلے دو سے تین ماہ میں سوشل میڈیا پر واپس آتا دیکھ رہے ہیں۔ یہ سارا کھیل ہی پلٹ دے گا اور ہر کسی کو اس بات کا انتظار ہے کہ صدر ٹرمپ کیا کریں گے لیکن یہ ان کا اپنا ذاتی پلیٹ فارم ہوگا۔‘
جیسن ملر کے مطابق اس وقت ڈونلڈ ٹرمپ مختلف کمپنیوں کے ساتھ اعلیٰ سطح کی میٹنگز میں مصروف ہیں ۔ ’یہ نیا پلیٹ فارم بہت بڑا ہوگا اور ہر کوئی یہ چاہتا ہے، صدر ٹرمپ اربوں لوگوں کو اس نئے پلیٹ فارم پر لانے والے ہیں۔‘
خیال رہے کہ 2020 کے امریکی صدارتی انتخابات کے دوران ٹوئٹر، فیس بک اور یوٹیوب سمیت بڑی سوشل میڈیا کمپنیوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے اکاؤنٹس بند کردیے تھے۔