لندن:تجزیہ کاروں کے مطابق پہلی مرتبہ مکان خریدنے والے کرایہ داروں کی نسبت سالانہ 800 پونڈ زیادہ بچت کرتے ہیں،ہیلی فیکس کا کہناہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران مکان خریدنے والوں اور کرایہ داروں کے درمیان تفاوت میں مزید اضافہ ہوگیاہے۔
مکان کے کرائے میں گزشتہ سال کی نسبت اوسطاً 10 فیصد کی شرح سے یعنی کم وبیش 821 پونڈ کااضافہ ہے جبکہ اس مدت کے دوران پہلی مرتبہ مکان خریدنے والوں پر اوسطاًماہانہ ایک فیصد کا یعنی کم وبیش753 پونڈ کا اضافہ ہوا ہے اس سے کرایہ داروں اورمکان مالکان کے درمیان تفاوت 800 پونڈ تک پہنچ گیاہے ریسرچ کے مطابق مالکان مکان اور کرایہ داروں کے درمیان سب سے کم فرق شمالی آئرلینڈ میں ہے جہاں مکان خریدنے والے کرایہ داروں کی نسبت سالانہ 539 پونڈ کے فائدے میں ہیں۔
لندن میں مکان کے خریدار مکان کرایہ پر دینے والوں کے مقابلے میں 4,606 پونڈ فائدے میں ہیں ریسرچ کے مطابق پہلی مرتبہ مکان کی خریدار ی کیلئے خریدار کو اب بھی کم وبیش 58,986 پونڈ ڈپازٹ کرانے کی ضرورت ہوتی ہے ،لیکن اگر وہ مکان کی خریداری کیلئے ڈپازٹ کا انتظام کرلیں تو سود کی کم شرح کی وجہ سے مارگیج کی ماہانہ ادائیگی میں اضافے کی شرح کرائے کے مقابلے میں بہت کم ہوتی ہے ،ہیلی فیکس کے مارگیج ڈائریکٹر اینڈریو ایسم کا کہناہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران مکان کی خریداری کیلئے ڈپازٹ کی ضرورت 11,000 پونڈ تک پہنچ گئی ہے تاہم اپریل سے حکومت کی جانب سے5 فیصد مارگیج گارنٹی ڈپازٹ اسکیم مکان کی خریداری کیلئے بچت کرنے والوں کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگی۔