لندن : ایک نئی اسٹڈی سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ برطانوی شہریوں کو فرانس اور جرمنی سے کہیں زیادہ مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور کورونا کی وجہ سے انھیں فرانس اور جرمنی کے شہریوں کے مقابلے میں بچتوں میں زیادہ کمی، سوشل سیکورٹی کے تحفظ کے کمزور نیٹ کا سامنا کرنا پڑا۔
ریزولوشن فائونڈیشن کا کہنا ہے کہ آمدنی میں بہت زیادہ عدم مساوات کی وجہ سے غریب ترین گھرانوں کو زیادہ مشکلات اور وائرس کے بحران سے قبل کی حالت میں بحالی کے حوالے سے زیادہ مشکلات کا سامنا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ملازمت کی عمر کے انتہائی غریب طبقے کے 20 فیصد افراد فرانس سے زیادہ خراب صورت حال میں گزارا کر رہے ہیں جبکہ 17 فیصد امیر ترین فرانس کے مقابلے میں زیادہ بہتر زندگی گزار رہے ہیں۔
اس رپورٹ میں جو اطلاعات کے مطابق اگلے ہفتے مکمل طورپر شائع کی جائے گی، بتایا گیا ہے کہ ملازمتوں سے محروم ہونے والوں، جن کی ملازمت بچانے کیلئے خاص طور پر فرلو اسکیم کی ضرورت تھی، کے حوالے سے برطانیہ نے بہت خراب کارکردگی کا مظاہرہ کیا، 2 ماہ سے بیروزگار افراد کو برطانیہ میں ان کی اوسط آمدنی کے 17 فیصد کے مساوی امداد دی گئی جبکہ جرمنی میں اس طرح کے لوگوں کو ان کی سابقہ آمدنی کے 59 فیصد اورفرانس میں 64 فیصد کے مساوی امداد فراہم کی گئی۔