لندن : ایک ہیلتھ کیئر ٹیسٹنگ کمپنی کے مطابق گذشتہ موسم گرما میں برطانویوں میں وٹامن ڈی کی سطح میں تقریبا ایک تہائی اضافہ ہوا ہے۔میڈیسکس نے مارچ 2019 سے فروری 2020 کے درمیان 19842ٹیسٹ ، اور اس سال مارچ 2020 اور فروری 2020کے درمیان 20645 ٹیسٹ کے اعداد و شمار کا موازنہ کیا تھا۔
اس سے پتہ چلا کہ وٹامن ڈی کی سطح میں سال بہ سال جون میں 28 فیصد اور ستمبر میں تقریبا 31 فیصد اضافہ ہوا ہے۔کمپنی کے مطابق ، یہ اضافہ کوویڈ 19 کی وبا کی وجہ سے ہوسکتا ہے جس کے نتیجے میں لاکھوں مزدور فاضل قرار دے دیئے گئے تھے یا پھر وہ گھر سے کام کررہے ہیں۔
میڈیسکس کے چیف میڈیکل آفیسر ، ڈاکٹر سیم راجرز نے کہا کہ اعداد و شمار مضبوط ہیں اور 2020 کے موسم گرما میں وٹامن ڈی میں واضح اضافہ ظاہر کرتے ہیں ، جو مردوں اور خواتین میں مشترک ہیں۔ ہم اس سے یہ نتیجہ اخذ کرسکتے ہیں کہ گھر سے کام کرنے کی شفٹ کا مطلب کم آمدورفت ، اور فاضل قرار دیئے جانے کے باعث لوگوںکو 2019 کے مقابلے میں دھوپ میں باہر وقت گزارنے کا زیادہ موقع ملا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اس امکان کو بھی پیش نظر رکھنا چاہئے کہ زیادہ تعداد میں لوگ این ایچ ایس کی ہدایات پر عمل پیرا اور وٹامن ڈی سپلیمنٹ کا استعمال کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ دونوں مثبت پیشرفت ہیں کیونکہ ہڈیوں ، دانتوں اور پٹھوں کو صحت مند رکھنے کے لئے وٹامن ڈی کی اچھی سطح کو برقرار رکھنا ضروری ہے۔ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ وٹامن ڈی کی سطح میں سب سے زیادہ اضافہ مشرقی مڈلینڈز اور شمال مشرق کے باشندوں میں ہوا ، دونوں خطوں میں سال بہ سال کی بنیاد پر 21 فیصد اضافہ ہوا ۔