واشنگٹن : وائٹ ہاؤس کےفزیشن ڈاکٹر شان کونلے کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ کی صحت بہتر ہےتاہم خطرہ مکمل ختم نہیں ہوا، وہ ڈیکسامیتھاسون کی خوراکیں جاری رکھیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا میں متاثر امریکی صدرڈونلڈٹرمپ فوجی اسپتال سے وائٹ ہاؤس پہنچ گئے، وائٹ ہاؤس کے فزیشن ڈاکٹر شان کونلے نے پریس بریفنگ میں کہا کہ صدر کی صحت بہتر ہےتاہم خطرہ مکمل ختم نہیں ہوا، وائٹ ہاؤس میں صدر کو دنیا کی بہترین میڈیکل کیئر میسر ہوگی۔
ڈاکٹرشان کونلے کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ ڈیکسامیتھاسون کی خوراکیں جاری رکھیں گے، اس دوا کا صدر ٹرمپ پر ابھی تک کوئی سائیڈ افیکٹ نہیں ہوا تاہم ڈاکٹروں نے صدر ٹرمپ کے پھیپھڑوں کی صحت سے متعلق سوال کا جواب دینے سے گریز کیا۔
یاد رہے وائٹ ہاؤس پہنچے پر امریکی صدر نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ عوام کورونا سےنہ ڈریں، باہر نکلیں، ہم کورونا کو ہرا سکتے ہیں ہمارے پاس بہترین دوائیں اور آلات موجود ہیں ،صدرٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ طبیعت بہت بہتر ہے، خود کو بیس سال پہلے جیسا محسوس کررہا ہوں۔
صدرٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ جلد صدارتی انتخابی مہم میں واپس آئیں گے۔
دوسری جانب ڈیموکریٹس صدارتی امیدوار جوبائیڈن نےٹاؤن ہال میٹنگ میں سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ عوام ماسک کی مکمل پابندی کریں اورصرف طبی وسائنسی مشوروں پرعمل کریں۔