لندن : لیبر پارٹی کے امیدوار صادق خان مسلسل دوسری مرتبہ لندن کے میئر منتخب ہوگئے، صادق خان کو 55.2فیصد ووٹ ملے جبکہ ان کے مدمقابل کنزرویٹیو پارٹی کے امیداور شان بیلی 44.8 فیصد ووٹ حاصل کرسکے اور اس دوڑ میں دوسرے نمبر پر رہے۔
گرین پارٹی کے سیان بیری تیسرے اور لبرل ڈیموکریٹ کی لوسیا پوریٹ چوتھے نمبر پر رہیں۔ صادق خان 2016 میں پہلی مرتبہ لندن کے میئر منتخب ہوئے تھے وہ کسی بھی یورپی کیپیٹل سٹی کے پہلے مسلمان میئر بھی تھے۔
اپنی کامیابی کے اعلان کے بعد سٹی ہال میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وہ لندن کے بہتر مستقبل کیلئے کام کرینگے اور لندن سمیت ملک کے دیگر حصوں میں بڑھتی معاشی ناہمواری اور کورونا وبا کے خاتمے کے ساتھ معیشت کو فعال بنا کر نقصانات کے ازالے کی کوشش کی جائے گی۔ صادق خان کا کہنا تھا کہ وہ لیبر پارٹی کو ووٹ دینے والوں کے شکر گزار ہیں لیکن جن افراد نے انہیں ووٹ نہیں دیا ان کے تحفظات کا بھی خیال رکھا جائے گا۔