لنکاشائر کے علاقے ہیشام میں گیس دھماکہ، ایک بچہ ہلاک، 4 افراد زخمی

0 213

لندن:لنکاشائر کے علاقے ہیشام میں دھماکہ سے، جس کےبارے میں شبہ ہے کہ یہ گیس دھماکہ تھا، ایک بچہ ہلاک اور4 افراد زخمی ہوگئے۔گزشتہ صبح دھماکے کی خبر ملتے ہی فائر فائٹرز، پولیس اور ایمبولینسیں میلو ڈیل ایونیو بھیج دی گئیں۔ دھماکے سے 2 مکان منہدم اور تیسرے کو شدید نقصان پہنچنے کی اطلاع ہے۔لنکا شائر پولیس نے ایک لڑکے کی ہلاکت اور 2 خواتین اور 2 مردوں کو زخمی حالت میں ہسپتال پہنچائے جانے کی تصدیق کی ہے۔

پولیس کے مطابق مرنے والے لڑکے کے ورثا کو اس کی اطلاع دے دی گئی ہے۔ پولیس نے متوفی کے والدین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری دعائیں سوگواروں کے ساتھ ہیں۔ اسسٹنٹ چیف کانسٹیبل جوئے ایڈورڈ نے جائے وقوعہ پر پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ تلاش اور ریسکیو کاعمل ابھی جاری ہے لیکن میرے خیال میں ہم نے سب کو باہر نکال لیا ہے۔ نکا شائر فائر نے کہا ہے کہ میلوڈیل ایونیو میں آتشزدگی کی خبر پر اسے بڑا واقعہ قرار دیا گیا تھا، متاثرہ مکان سے 6 افراد کو بحفاظت باہر نکال کر سالٹ آئر لیژر سینٹر پہنچا دیا گیا۔

ایک پڑوسی نے بتایا کہ ایسا محسوس ہوا کہ کوئی بم پھٹا ہے، اس سے میرا پورا پلنگ ہل گیا اور ایسا محسوس ہوا کہ ہم زمین پر گرجائیں گے، ہم پلنگ سے نیچے کود پڑے اور واقعہ معلوم کرنے کیلئے دوڑے، جو نہایت روح فرسا تھا، نارتھ ویسٹ ایمبولینس سروس نے ٹوئیٹ کیا کہ اس نے بھی اپنی ایمبولینس جائے وقوعہ پر بھیجی تھی تاکہ لوگوں کو فوری طور پر طبی امداد پہنچائی جاسکے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ وہ گیس سروس کے انجینئرز کے ساتھ مل کر علاقے کو محفوظ بنانے کیلئے کام کر رہی ہے۔ نارتھ ویسٹ کو بجلی فراہم کرنے والی کمپنی الیکٹریسٹی نارتھ ویسٹ کا کہنا ہے کہ اس کے انجینئر علاقے کے تحفظ کیلئے بجلی کی سپلائی بند کررہے ہیں، تاہم کمپنی یہ نہیں بتا سکتی کہ اس سے کتنے گھر اور کتنی دیر کیلئے متاثر ہوں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.