لاہور:لاہور پولیس نے مائرہ قتل کیس میں نامزد مرکزی ملزم سعد امیر بٹ کو گرفتارکر لیا ۔
پاکستانی نژاد برطانوی لڑکی مائرہ قتل کیس میں سعد امیر بٹ کو سی آئی اے کینٹ پولیس نے گرفتار کیا، ملزم نے اپنی عبوری ضمانت واپس لے لی تھی۔
پولیس نے بتایا کہ قتل کیس میں مائرہ کی دوست اقرا اور سعد بٹ حراست میں ہیں جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔
ملزم سعد بٹ نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ اُس کا مائرہ سے تعلق تھا لیکن قتل نہیں کیا، مائرہ میرے خلاف مقدمہ درج کرانا چاہتی تھی،اُس کی ظاہر جدون سے دوستی ہوئی تو مجھ سے رابطہ ختم ہوگیا تھا۔
پولیس کاکہنا ہے کہ مائرہ کے قتل کا مقدمہ سعد امیر اور ظاہر جدون کے خلاف ہی درج ہے، ظاہر جدون حفاظتی ضمانت کے باوجود پیش نہیں ہوا ہے۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ مائرہ نے قتل سے قبل سعد کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کرانے کی درخواست دی تھی تاہم پولیس نے مائرہ کا مقدمہ درج نہیں کیا تھا۔
واضح رہے کہ پولیس میں درخواست دینے کے 16 روز بعد 3 مئی کو مائرہ کو قتل کیا گیا۔