لوٹن:ایگزیکٹو کونسلر لوٹن بارو راجہ محمد اسلم خان نے ڈپٹی لیڈر لوٹن کونسل کی ذمہ داری سنبھال لی، یہ عہدہ کونسلر شان ٹمنی کے بوجوہ مستعفی ہونے کے باعث خالی ہوا تھا، کونسلر راجہ محمد اسلم خان نے کہا ہے کہ ان کی بھر پور کوشش ہو گی کہ وہ لوٹن کونسل میں ملنے والی اس نئی ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھائیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت کورونا سے پیدا ہونے والے مسائل سے بھی نبرد آزما ہونے اور پہلے سے موجود مختلف النوع کے ایشوز سے نمٹنے کے لیے وہ اپنے حصے کا کردار بھرپور طریقے سے کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں اور وہ مختلف سٹیک ہولڈرز اور تمام کمیونٹیز کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ان کے عہدہ سنبھالنے پر لوٹن میں وسیع پیمانے پر خیر مقدم کیا جا رہا ہے۔
کشمیر سالیڈیریٹی کمپین لوٹن کے کو آرڈی نیٹر حاجی چوہدری محمد قربان، ممتاز علمائے دین علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی اور مولانا حافظ اعجاز احمد، پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق چیف آرگنائزر لوٹن پیر سید اعجاز محی الدین قادری، سمیت پاکستانی کشمیری بنگلہ دیشی، میزبان مقامی کمیونٹیز سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے خیرمقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ راجہ محمد اسلم خان ایک فعال کونسلر چلے آرہے ہیں ان کا لوٹن کونسل کا ڈپٹی لیڈر بننا ایک خوش آئند امر ہے۔