شکاگو:امریکا کے شکاگو ایئر پورٹ پر ایک ہی ایئر لائن کے 2 طیاروں کے مابین ٹیکسی کے دوران ٹکراؤ ہوگیا جس سے دونوں طیاروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
حکام کے مطابق شکاگو مڈوے انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ساؤتھ ویسٹ ایئر لائن کا N8686 کا بوئنگ 737 طیارہ برمنگھم روانہ ہو رہا تھا اور ٹیک آف کے لیے ٹیکسی کر رہا تھا کہ جہاز کا ایک پَر واشنگٹن سے شکاگو پہنچنے والے 289CT رجسٹریشن کے دوسرے بوئنگ 737 کی دم سے ٹکرا گیا۔
یہ حادثہ ٹیکسی وے ’یانکی‘ پر پیش آیا، تصادم کے بعد دونوں پروازوں کے مسافروں کو اتار لیا گیا جبکہ معائنے اور مرمت کے لیے دونوں جہازوں کو گراؤنڈ کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
امریکا کی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔