لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والے برٹش پاکستانی کونسلر محمد افضل برمنگھم کے لارڈ میئر بن گئے

0 168

برمنگھم :لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والے برٹش پاکستانی کونسلر محمد افضل برمنگھم کے لارڈ میئر بن گئے، محمد افضل پہلی مرتبہ 1982 میں شہر کے آسٹن وارڈ سے کونسلر منتخب ہوئے تھے، وہ گزشتہ50سال سے برمنگھم میں مقیم ہیں، وہ اس وقت برطانیہ کے سب سے طویل عرصےسے خدمات انجام دینے والے مسلمان کونسلر بن چکے ہیں۔

محمد افضل کا تعلق پاکستان کے شہر جہلم سے ہے، وہ 1969میں برطانیہ آئے تھے، انھیں برمنگھم کا پہلا مسلمان کونسلر منتخب ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ محمد افضل پاکستان سے تعلق رکھنے والے برمنگھم کے5ویں لارڈ میئر ہیں۔ ان سے قبل اس عہدے پر فائز رہنے والے برٹش پاکستانی مسلمان کونسلرز میں کونسلر محمود حسین، کونسلر عبدالرشید جے پی، کونسلر شفیق شاہ اور موجودہ لارڈ میئر کونسلر محمد عظیم شامل ہیں۔

کونسلر محمود حسین کو برمنگھم کا پہلا مسلمان لارڈ میئر ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے جبکہ کونسلر شفیق شاہ کو برمنگھم کا سب سے کم عمر لارڈ میئر ہونے کا اعزاز حاصل تھا۔ محمد افضل کو گزشتہ سال جنوری میں سٹی کونسل کے حکمراں لیبر گروپ نے کونسل کے اجلاس میں سیلکٹ کیا تھا۔

انھیں گزشتہ سال مئی میں لارڈ میئر کا چارج لینا تھا لیکن کورونا وائرس اور لاک ڈائون کی وجہ سے ان کیلئے چارج سنبھالنا ممکن نہیں ہوسکا، ان کی جگہ کونسلر محمد عظیم کو لارڈ میئر بنا دیا گیا تھا جو لارڈ میئر کے عہدے پر 2 سال تک خدمات انجام دینے کے بعد دستبردار ہوئے تھے جبکہ عام طور پر لارڈ میئر کے عہدے کی میعاد ایک سال ہوتی ہے۔

محمد افضل لیبر پارٹی کے BAME گروپ کے سربراہ کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ کونسلر افضل 2016 میں بھی لارڈ میئر منتخب ہوئے تھے لیکن اس وقت کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کے بارے میں اپنے مبینہ ریمارکس کے بعد وہ اس دوڑ سے علیحدہ ہوگئے تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.