آزاد کشمیر انتخابات ملتوی کرنا این سی او سی یا الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار میں نہیں، وزیر اعظم آزاد کشمیر

0 148

مظفرآباد:وزیرِاعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات ملتوی کرنا این سی او سی یا الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کے دائرہ اختیار میں نہیں، الیکشن کے التوا کا اختیار صرف قانون ساز اسمبلی کو ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور وزیراعظم آزاد کشمیر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، شہباز شریف نے آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے این سی او سی کے خط سے متعلق دریافت کیا۔

راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ انتخابات صرف اسی صورت ملتوی ہوسکتے ہیں جب ریاست میں خانہ جنگی کی کیفیت یا بیرونی جارحیت ہو۔

انہوں نے کہا کہ جب ملک میں کورونا کیسز کم ہو رہے ہیں این سی او سی کی انتخابات کے التوا کی بات سمجھ سے بالا ہے۔

راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ آزاد کشمیر کے آئین کے تحت این سی او سی کا دائرہ کار یہاں تک نہیں، پی ٹی آئی سیاسی فائدے کے لیے انتخابات ملتوی کروانا چاہتی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ جو آزاد کشمیر کا آئین و قانون کہتا ہے مسلم لیگ ن اس کے ساتھ کھڑی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.