کیٹگری سی میں شامل ممالک کی نئی فہرست جاری،پاکستانیوں کو وطن واپسی کی مشروط اجازت

0 97

اسلام آباد: کیٹگری سی میں شامل ممالک میں کرونا کیسز کم ہونے کے بعد وہاں موجود پاکستانیوں کو وطن واپس آنے کی اجازت دے دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے فضائی سفری پابندیوں کے حوالے سے کیٹگری سی میں شامل ممالک کی تعداد کو کم کردیا۔ اب کیٹگری سی میں 38 کے بجائے 26 ممالک شامل ہیں۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کیٹگری سی کی نئی فہرست جاری کردی، جس کے مطابق بنگلا دیش، برازیل، انڈونیشیا، ایران، عراق، جنوبی افریقہ، چلی، کولمبیا، نیپال، پیرو، فلپائن، بھوٹان سمیت دیگر ممالک پر فضائی پابندیاں برقرار ہیں۔

ڈائریکٹر ایئرٹرانسپورٹ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹی فکیشن کے مطابق جون کے مہینے میں کیٹگری سی میں شامل ممالک سے پاکستانیوں کو وطن واپس آنے کی اجازت ہوگی۔

نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ وطن واپس آنے والے پاکستانیوں کو ریپڈ ٹیسٹ، قرنطینہ اور ایس او پیز پر عمل کرنا ہوگا، مسافروں کی آمد نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی اجازت سے مشروط ہوگی۔

واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کرونا کی صورت حال کو مدِنظر رکھتے ہوئے مختلف ممالک کو تین کیٹگریز میں شامل کیا ہے، جس میں سے اے اور بی سے آنے والے مسافروں پر پابندیاں کم ہیں جبکہ کیٹگری سی میں شامل ممالک سے آنے والے مسافروں کو پاکستان میں داخلے کی مشروط اجازت ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.