سری نگر:مقبوضہ کشمیر کے سابق وزرائے اعلیٰ فاروق عبداللّٰہ اور محبوبہ مفتی نے بھارتی وزیراعظم مودی کی آل پارٹی میٹنگ (اے پی سی) میں شرکت کی دعوت قبول کرلی۔
مقبوضہ کشمیر کی سیاسی جماعتوں کے اتحاد گپکار کا سری نگر میں فاروق عبداللہ کی رہائش گاہ پر اہم اجلاس ہوا، جس میں فاروق عبداللّٰہ کا کہنا تھا کہ گپکار ڈیکلیریشن کا موقف واضح ہے اور اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہے۔
محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت دوحا میں طالبان سے بات چیت کررہی ہے، انہیں مقبوضہ کشمیر میں بھی ڈائیلاگ کرنا چاہیے، انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت کو پاکستان سے بھی مذاکرات کرنے چاہیے۔
کشمیری رہنما مظفر شاہ نے کہا کہ آرٹیکل 370 اور 35 اے پر کسی بھی صورتحال میں سمجھوتہ نہیں ہوسکتا، کشمیری رہنما یوسف تاری گامی نے کشمیری قیدیوں کی رہائی یا ان کی مقبوضہ کشمیر کی جیلوں میں منتقلی کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ مودی حکومت کی جانب سے اہم کشمیری سیاسی جماعتوں کی قیادت کو 24 جون کو دہلی میں آل پارٹی میٹنگ کی دعوت دی گئی ہے۔