لندن:بریگزٹ پر عمل درآمد کے بعد یوروپی یونین کے شہریوں کو برطانیہ میں قیام کی درخواست دینے کے لئے 28 دن کی مہلت دے دی گئی۔ حکومت نے کہا ہے کہ امیگریشن قوانین کا نفاذکرنے والے اہلکار برطانیہ میں مقیم یورپی یونین کے شہریوں کو درخواست دینے کے لئے 28 دن کا انتباہ جاری کرنا شروع کریں گے۔ تاہم ہوم آفس تاخیر کا معقول عذر رکھنے والے لوگوں کو برطانیہ میں سیٹل ہو جانے کی درخواست مکمل کرنے کے لئے غیر معینہ مدت تک کا وقت دے سکے گا۔
درخواستیں دینے کی آخری تاریخ میں ایک ہفتہ باقی ہے۔ واضح رہے کہ تقریباً 5.6 ملین یوروپی اکنامک ایریا (ای ای اے) کے شہریوں اور ان پر انحصار کرنے والے افراد نے برطانیہ میں مستقل آباد حیثیت کے لئے درخواست دی ہے۔ تاہم یہاں چار لاکھ کے قریب کیسز باقی ہیں اور حکومت کی ہیلپ لائن کو ایک دن میں ہزاروں کالیں موصول ہوتی ہیں۔
امیگریشن پالیسی کے بارے میں ہوم آفس کو خط بھیجا گیا تھا جس میں ٹھیک پانچ سال قبل ہونے والے 2016 کے بریگزٹ ریفرنڈم کے بعد برطانیہ میں مقیم ای یو اور ای ای اے کے شہریوں کے لئے مستقل آباد حیثیت متعارف کروائی گئی تھی۔ اس میں انہیں رہائش، سفر، ملازمت اور صحت کی دیکھ بھال اور فوائد تک رسائی کے ایک جیسے حقوق برقرار رکھنے کی اجازت دی گئی تھی۔