اسلام آباد: پاکستان میں یکم جولائی سے فضائی مسافروں کے لیے نظر ثانی شدہ پالیسی نافذ ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے ایئر ٹریولرز پالیسی پر نظر ثانی کر لی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے نظر ثانی شدہ ایئر ٹریولرز پالیسی کی منظوری دے دی۔
نظر ثانی شدہ ایئر ٹریولرز پالیسی یکم جولائی سے نافذ العمل ہوگی، پالیسی سے متعلق مراسلہ وزارت خارجہ کو ارسال کر دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ٹریولرز پالیسی پر نظر ثانی کرونا صورت حال کی بہتری کے باعث ہوئی۔
مراسلے کے مطابق پاکستان سمیت مختلف ممالک میں کرونا کی صورت حال بہتر ہوئی ہے جس کی وجہ سے برطانیہ، یورپ، کینیڈا، چین اور ملائیشیا سے براہ راست فلائٹس بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ان ممالک کے لیے فلائٹس میں 40 فی صد اضافہ کیا جائے گا۔
پاکستان آنے والوں کے لیے کرونا ٹیسٹنگ پروٹوکولز جاری رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، پاکستان آنے والے مسافروں کے لیے کرونا ٹیسٹ کرانا لازم ہوگا۔
این سی او سی کے مطابق نظر ثانی شدہ پالیسی میں پاکستان آنے والے کرونا نیگیٹو مسافروں کے لیے ہوم قرنطینہ کی شرط ختم کر دی گئی ہے تاہم بیرون ملک سے آئے کرونا پازیٹو مسافر گھر پر قرنطینہ ہوں گے۔