ٹام کروز کے ایک اور خطرناک اسٹنٹ نے لوگوں کو حیران کردیا

0 58

معروف ہالی ووڈ اسٹار ٹام کروز اپنے خطرناک اسٹنٹس کے لیے مشہور ہیں، حال ہی میں ان کا ایک اور اسٹنٹ دیکھ کر لوگ حیران رہ گئے۔

سماجی رابطوں کی مختلف ویب سائٹس پر پوسٹ کی جانے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹام کروز چلتی ہوئی ٹرین کی چھت پر سوار ہیں، ان کے ساتھ فلم کا عملہ بھی موجود ہے۔

ٹام کروز داراصل اپنی آنے والی فلم مشن امپاسبل 7 کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جو کرونا وائرس کی وجہ سے پہلے ہی تاخیر کا شکار ہوچکی ہے۔ فلم کی شوٹنگ کے لیے ٹام کروز فی الحال ناروے میں موجود ہیں جہاں عوام نے انہیں ٹرین کی چھت پر سوار دیکھا۔

اگلے مرحلے میں فلم کی شوٹنگ روم میں ہوگی۔

مشن امپاسبل 7 کو 23 جولائی 2021 کو ریلیز کیا جانا تھا تاہم کرونا وائرس کے باعث شوٹنگ میں تاخیر ہونے کے بعد اب ممکنہ طور پر اسے 19 نومبر 2021 کو ریلیز کیا جائے گا۔

اس کی وجہ سے مشن امپاسبل 8 بھی تاخیر کا شکار ہوگئی ہے جسے 5 اگست 2022 کی جگہ اب 4 نومبر 2022 میں ریلیز کیا جائے گا، سیریز کے ان دونوں ساتویں اور آٹھویں حصے کو ایک کے بعد ایک شوٹ کیا جانا تھا۔

مشن امپاسبل 7 کی ٹیم کو گزشتہ دنوں ایک خاصا بڑا مالی نقصان بھی پہنچا تھا جب شوٹنگ کے دوران ایک اسٹنٹ ناکام ہوگیا تھا، آکسفورڈ شائر پر کیے جانے والے اس اسٹنٹ کے دوران اسٹنٹ مین کی مہنگی موٹر سائیکل میں آگ لگ گئی تھی۔

مذکورہ حادثے میں فلم کے مذکورہ سین کے لیے لگائے گئے سیٹ کو بھی نقصان پہنچا جس کے باعث فلمسازوں کو 26 لاکھ ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا تھا۔

فلم کی شوٹنگ دن رات جاری ہے اور ٹام کروز فلم کی جلد تکمیل کے لیے پرامید ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.