راولپنڈی:آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ترکی کی بری فوج کے سربراہ کی ملاقات ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی اور پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ترکی کی بری افواج کے سربراہ کی ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں باہمی دلچسپی اور پیشہ وارانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان دفاع اور سیکیورٹی اشتراک پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہم ترکی کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کی فوجوں کے درمیان تعلقات کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات میں ٹریننگ اور انسداد دہشت گردی کے شعبے میں تعلقات بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ترک افواج کے سربراہ نے دہشت گردی کو شکست دینے میں پاک فوج کے کردار کو سراہا۔ترک افواج کے سربراہ نے علاقائی امن اور استحکام میں پاک فوج کے کردار کو بھی سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ترکی کی افواج کے سربراہ کو جی ایچ کیو پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔