جنیوا:اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کا کہنا ہے کہ افغانستان میں انسانی بحران کا خطرہ ہے، ہمسایہ ممالک بحران کے پیش نظر اپنی سرحدیں کھلی رکھیں۔اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کی ترجمان نے پریس بریفنگ میں کہا ہے کہ افغانستان میں رواں سال کے آغاز سے اب تک 4 لاکھ افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔
افغانستان میں جاری بحران کے پیش نظر ہمسایہ ممالک اپنی سرحدیں کھلی رکھیں۔ سرحدیں بند ہونے کی وجہ سے شہری محفوظ مقامات تک نہیں پہنچ سکیں گے۔ تحفظ کے حصول میں ناکامی بے شمار افغان شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک سے باہر افغان شہریوں کو بین الاقوامی تحفظ کی ضرورت ہوسکتی ہے۔
یو این ایچ سی آر افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ انسانی ہمدردی کے اقدامات میں ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔