علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی کی میزبانی میں لوٹن ایشین کمیونٹی کا اجلاس

0 499

لوٹن : جامعہ اسلامیہ غوثیہ ٹرسٹ لوٹن کے مہتمم علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی کی میزبانی میں لوٹن ایشن کمیونٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں لوٹن بارو کونسل سے لیڈر آف دی کونسل کونسلر ہیزل سیمنز، ڈپٹی لیڈر کونسلر اسلم خان ،لوٹن کی مساجد کے امام پروفیسر مسعود ہزاروی ، مولانا اقبال اعوان ، سابق میئر ریاض بٹ ، سابق میئر کونسلر طاہر ملک ، پولیس چیف انسپکٹر فاروق عزیز، سالیسٹر عتیق ملک ، راجہ اکبر داد خان ، اسحاق قاضی ، فیصل راجہ ، ریحانہ فیصل ، شازیہ رشید ، سید امجد شاہ ، نثار چوہدری، کونسلر وحید اکبر ، کونسلر نوید راجہ ، شبیر ملک ، پروفیسر ممتاز بٹ ، مہربان بٹ ، ریاض زمان ،کونسلر حنا ادریس ، کونسلر کاشف ، چوہدری شفاعت پوٹھی ، پہلوان پنوں خان ، چوہدری قربان ، ولایت پوٹھی ،طارق چوہدری ، ساراجنٹ بکرم سنگھیرا ، پیٹر پٹیل ، عقیل قادری ،ادریس چوہدری اور لوٹن بارو کونسل کے آفیسرز ، پولیس افسران اور زندگی کے تقریباً ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ اجلاس کی غرض و غایت بیان کرتےہوئے مولانا قاضی عبدالعزیز چشتی نے کمیونٹی کو درپیش مسائل جن میں چاقوزنی ، چاند رات ،سپیڈ نگ، پارکنگ اور ڈرگ جیسے ایشوز خاص طور پر چاند رات پر جھگڑےکے بارے میں انہوں نے کہاکہ افسوس کا مقام ہے اس رات کو ایسا واقعہ پیش آیا جس سے ساری کمیونٹی کا سر شرم سے جھک گیا، چاند رات کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں البتہ یہ کلچر کا حصہ ہے۔

اس طرح ایسے موقع پر نوجوانوں کو لڑائی جھگڑے سے گریز کرنا چاہئے۔معروف قانون دان عتیق ملک ایڈووکیٹ نے بھی اظہار خیال کیا، سماجی شخصیت محترمہ ریحانہ فیصل نے کہا کہ جرائم کی وجہ غربت ہے اس متعلق سنٹرل گورنمنٹ کے ایک کک سٹارٹ پروگرام کے تحت گریجویٹ نوجوان کو ملازمتیں دی جا رہی ہیں مگر لوٹن میں مقیم مسلمانوں کے ساتھ کوئی مشورہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ بعض دیگر کمیونٹیز کو اس اسکیم سے فائدہ مل رہا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ بری پارک ایشیائی مرکز سے سب سے زیادہ ٹیکس ریونیو پیدا ہوتا ہے مگر سب سے کم ترقی اس علاقے کی ہوئی ہے، لوٹن سنٹرل ماسک کی اسلامک کلچرل سوسائٹی کے چیئرمین حاجی چوہدری محمد قربان نے کہا کہ عید کی مناسبت سے خواتین کا مہندی لگانا یہ کلچر کا حصہ ہے ہم ان سرگرمیوں کی مثبت حوصلہ افزائی کے لئے اور محفوظ طریقے سے سوشل سرگرمیوں کے لیے مساجد، مدارس اور کمیونٹی سنٹروں میں مفت جگہوں کی فراہمی کی تجویز پیش کرتے ہیں چیئرمین بلڈنگ برجز راجہ اکبر داد خان نے بھی سوالات اٹھائے، کونسلر اسلم خان ،ریاض بٹ اور دیگر نے بھی ایشوز پر تفصیلی بات کی۔

کاروباری شخصیات نے اپنا موقف اور مسائل پر بات کیاور خصوصی طور پر بری پارک میں لڑائی جھگڑا اور عید سے قبل چاند رات پر جھگڑے سے کمیونٹی کی جو بدنامی ہوئی اس سے لوگوں میں غم وغصہ اور کاروبار میں نقصان پر تفصیل سے بحث و تمحیص کی گئی۔ شرکاء نے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں جس کے مطابق چاند رات (مہندی لگانا)رات گیارہ بجے ختم کرنے پر زور دیا گیا اور تجاویز دی گئیں کہ مسجد سے ملحقہ یا کمیونٹی سنٹر بک کرکے اس معاملے کو حل کیا جائے، اس سے دیر سے خریداری پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، اس موقع پر پولیس نے اپنا موقف بیان کیا اور کہا آئندہ کیلئے ایسے مواقعوں پر مزید پولیس فورس کی تعیناتی کی جائے گی اگر مناسب سمجھا گیا تو ٹریفک کو بھی ون وے کر کے لوگوں کیلئے سہولت پیدا کی جائے گی۔ آخر میں لیڈر آف دی کونسل کونسلر ہیزل سیمنز نے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیا اور کہاکہ تمام کمیونٹیز کو مل کر ٹاؤن کے بہتر مستقبل کیلئے کام کرنا ہوگا۔ میزبان مولانا قاضی عبدالعزیز چشتی نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا جب کہ مہمانوں کی تواضع بھی کی گئی۔ 

Leave A Reply

Your email address will not be published.