دبئی:متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے غیر ملکیوں کے لیے نئے گرین اور فری لانسر ویزوں کا اعلان کردیا، گرین ویزا ہولڈرز کو آجر کی ضمانت درکار نہیں ہوگی۔
خبر رساں ادارے کے مطابق گرین ویزا رکھنے والوں پر رہائشی مدت کی پابندی نہیں ہوگی، گرین ویزا رکھنے والے والدین اور 25 سال تک کے بچوں کو اسپانسر کر سکیں گے۔اماراتی وزیر مملکت برائے غیر ملکی تجارت ثانی الزیودی نے اپنے بیان میں کہا کہ گرین ویزا باصلاحیت افراد، سرمایہ کار اور کاروباری افراد کے لیے ہے۔
ثانی الزیودی نے کہا کہ گرین ویزا ہونہار طلبا اور اعلیٰ تعلیم یافتہ افراد کے لیے بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ فری لانس ویزا کاروبار کرنے اور خود کمانے والوں کو دیا جائے گا۔
یو اے ای میں سرمایہ کاری کے لیے 2019 میں 10 سال کا گولڈن ویزا بھی شروع کیا جا چکا ہے، جبکہ سعودی عرب اور قطر نے بھی ایسے ویزا پروگرام شروع کردیے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل 18 سال سے زیادہ عمر کے بچوں کو والدین ویزا اسپانسر نہیں کرسکتے تھے۔