لندن: ڈرائیوروں کی کمی کی وجہ سے کونسلز کو کچرہ جمع کرنے میں تاخیرکا سامنا ہے۔ رپورٹ کے مطابق برطانیہ بھر میں کم از کم 18کونسلز نے جمعرات کو اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ اپنی بن کلیکشن سروسز میں جاری رکاوٹوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ اس کی وجہ عملے کی سیلف آئسولیشن میں جانے اور بن لاریوں کے لئے بھاری سامان والی گاڑی (ایچ جی وی) کے ڈرائیوروں کی کمی ہے۔ لوکل گورنمنٹ ایسوسی ایشن (ایل جی اے) نے بتایا کہ تاخیر بنیادی طور پر باغات کے کچرے کو متاثر کر رہی ہے۔ تاہم کچھ کونسلز عام فضلے کی صفائی کو ترجیح دینے کے لئے ری سائیکلنگ جمع کرنے میں بھی تاخیر کر رہی ہیں۔
یہ حقائق اس وقت سامنے آئے جب ڈیوان میں تین کونسلوں نے جمعرات کے روز وزیر داخلہ پریتی پٹیل کو خط لکھا، جس میں حکومت سے کہا گیا کہ وہ تربیت یافتہ یورپی ایچ جی وی ڈرائیوروں کو عارضی ویزے دے تاکہ قلت کو دور کیا جا سکے۔ کونسلر سٹیو ڈارلنگ، ڈیوڈ ورڈن اور الیسٹر ڈیوہرسٹ نے لکھا کہ تادم تحریر نارتھ ڈیوان کونسل کو بن لاری ڈرائیورز کی 7خالی آسامیوں، ٹوربے کونسل8 خالی آسامیوں اور ٹیگن برج کونسل 10 خالی آسامیوں پر تقرریوں کی کوشش کر رہی ہے۔
یہ ڈرائیور کی آسامیوں پر ایچ جی وی کے تقریباً 20 فیصد افرادی قوت کے برابر ہے اور لیبر مارکیٹ کے غیر متحرک ہونے کو دیکھتے ہوئے اس ریسورسنگ خلا کو پُر کرنا بہت مشکل ثابت ہو رہا ہے۔ برطانیہ میں اس وقت تقریباً 100000 ایچ جی وی ڈرائیوروں کی کمی ہے، یورپی یونین کے بہت سے کارکن بریگزٹ کے بعد اور وبا کے دوران اپنے اپنے ملکوں میں واپس چلے گئے تھے۔ وزراء کا کہنا ہے کہ برطانیہ کے آجروں کو خلا پُر کرنے کے لئے مقامی لوگوں کو نوکری پر رکھ لینا چاہئے لیکن کونسلز نے کہا کہ ڈرائیوروں کی اگلی نسل کو تربیت دینے میں وقت لگے گا۔