اسلام آباد:سینئر وزیر حکومت و صدر پاکستان تحریک انصا ف آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ چیئر مین پاکستان تحریک انصاف عمران خان،چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی،سیکرٹری جنرل عامر محمود کیانی اور مرکزی قیادت کے اعتماد پر پورا اتر کر آزاد کشمیر میں پارٹی کو نا قابل شکست قوت بنائیں گے،پی ٹی آئی کو گراس روٹ لیول پر منظم کرنا ہماری پہلی ترجیح ہے،میرٹ پرتنظیم سازی کر کے پی ٹی آئی کو نا قابل تسخیر طاقت بنائیں گے۔
اسلام آباد میں پارٹی کارکنوں کے ساتھ ایک غیر رسمی نشست میں گفتگو کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ چیئر مین تحریک انصاف عمران خان اور مرکزی قائدین کا شکر گزار ہوں کہ اُنہوں نے پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کی صدارت کے لیئے مجھے موزوں سمجھا اور یہ ذمہ داری سونپی، چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی اور وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور نے آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں بھی انتہائی محنت اور ذمہ داری کے ساتھ انتخابی معرکے کو سر کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا،جس کے نتیجے میں پی ٹی آئی آزاد کشمیر اکثریت سے حکومت بنانے میں کامیاب ہوئی۔
صدر پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی کی تنظیمی صلاحیتوں کے باعث ملک بھر میں پارٹی کو مستحکم بنیادوں پر اٹھان ملی ہے،اسی طرح آ زاد کشمیر میں بھی پی ٹی آئی بہت جلد سب سے بڑی اور منظم پارٹی بن کر ابھرے گی،چیف آرگنائزر اور سیکرٹری جنرل کی سر پرستی میں آزاد کشمیر اور مہاجرین مقیم پاکستان سمیت تمام مقامات پر میرٹ پر مبنی تنظیمی سیٹ اپ تشکیل دیں گے، جس سے پارٹی ایک بڑی قوت بن کر ابھرے گی۔
سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کی تاریخ ساز کامیابی نے وزیر اعظم عمران خان کے وژن پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے، جس سے عام لوگوں کا پی ٹی آئی پر اعتماد بڑھا ہے،اب تنظیمی سطح پر بھی پارٹی کو گراس روٹ لیول پر منظم کریں گے،آزاد کشمیر میں مستقبل کے منظر نامے پر پی ٹی آئی کے مد مقابل کوئی جماعت نہیں ہے،عوام روایتی اور فرسودہ نظام کی علمبردار جماعتوں کو مسترد کر چکے ہیں،مستقبل صرف اور صرف پاکستان تحریک انصاف کا ہی ہے۔