لندن: ٹاور ہیملٹس اور ہارنگے میں فائرنگ اور چاقو حملے میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔ میٹ پولیس کا کہنا ہے کہ ٹاور ہیملٹس ایسٹ لندن میں جھگڑے کے دوران چاقو حملے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ایسٹ فیری روڈ ٹاور ہیملٹس میں منگل کے روز مقامی وقت 20:30بی ایس ٹی پر اسے 30سال سے زائد عمر کا شخص چاقو کے متعدد وار سے شدید زخمی حالت میں ملا تھا تاہم علاج کے باوجود اسے موقع پر ہی مردہ قرار دے دیا گیا۔
پولیس متوفی کی شناخت کی تصدیق اور اس کے لواحقین کو آگاہ کرنے کیلئے کام کر رہی ہے۔ قتل کا سبب جانے کیلئے انکوائریز جاری ہیں اور پولیس نے کرائم سین کو برقرار رکھا ہوا ہے۔ گرین لین ہارنگے میں گن حملے میں ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ نارتھ لندن کی مصروف سڑک پر پیش آیا۔ پولیس آفیسرز کا کہنا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ مرنے والے کی عمر 20 سال سے زائد ہے۔ جو منگل کے روز مقامی وقت 22:30 بی ایس ٹی پر مہلک گن شاٹس سے ہلاک ہوا جبکہ ایک زخمی کو ہسپتال لے جایا گیا۔
پولیس کا خیال ہے کہ تیسرے شخص کو اس وقت گولی لگی جب وہ موٹربائیک پر وہاں سے گزر رہا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال اس سلسلے میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ ایریا میں کرائم سین کو برقرار رکھا گیا ہے۔ آفیسرز مرنے والے شخص کی باقاعدہ شناخت اور اس کے لواحقین سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پولیس کو دوسرا وکٹم اس وقت ملا جب گن شاٹس سے زخمی 24 سالہ شخص خود ہسپتال پہنچا۔ اس کے زخم ہلاکت خیز نہیں سمجھے جا رہے ہیں۔ آفیسرز کو ایڈمنٹن ایریا میں ایک گھر میں اس رپورٹ پر طلب کیا گیا تھا کہ 20 سال سے زائد عمر کے شخص کو گولی ماری گئی ہے۔ اسے علاج کیلئے ہسپتال لے جایا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اسے اس وقت گولی ماری گئی جب وہ بائیک پر گزر رہا تھا۔