مظفرآباد: حکومت آزاد جموں و کشمیر نے قبضہ مافیا کیخلاف ریاست گیر آپریشن کلین اپ کا فیصلہ کر لیا،حکومت کی ہدایات پر انتظامیہ نے سرکاری اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کرانے کیلئے بڑے پیمانے پر آپریشن کی تیاری شروع کر دی،وزیر اعظم آزاد کشمیر نے سرکاری اراضی پر قبضے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے تمام سرکاری محکموں کو قبضہ شدہ اراضی کی رپورٹ ارسال کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے ضلعی انتظامیہ اور دیگر محکموں کو قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن کی تیاری کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن طاقتور مافیا سے شروع کیا جائے ،سرکاری اراضی کو ہر صورت قبضہ مافیا سے واگزار کروائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کی روشنی میں نہ صرف ریاست سے کرپشن کا خاتمہ کریں گے بلکہ سرکاری اراضی کو بھی قبضہ مافیا سے واگزار کروائیں گے ۔
وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ آپریشن میں چھوٹے اور غریب طبقے کو متاثر نہ کیا جائے، عوام اپنے اطراف موجود قبضہ مافیا کی نشاندہی کریں، قبضہ مافیا سے سے بہر صورت سرکاری اراضی واگزار کروائی جائیگی۔