لوٹن: دنیا بھر میں آقائے دوجہان نبی رحمت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کی خوشیاں منانے کا سلسلہ جاری ہے اسی مناسبت سے لوٹن کی مرکزی مسجد جامع غوثیہ سے جشن میلاد حضرت محمد مصطفی ﷺ کا عظیم الشان جلوس بر آمد ہوا ۔جلوس میں مقامی علماء، ایم پی لیوٹن ساتھ ،ڈپٹی لیڈر لوٹن بارو کونسل، سیاسی و سماجی اور کاروباری شخصیات کے علاوہ لوٹن بھر سے مقامی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے نبی ﷺ سے اپنی محبت و عقیدت کا بھر پور اظہار کیا ۔لوٹن کی فضا جشنِ آمد رسول اور میلاد نبی ﷺ کے نعروں سے گونجتی رہی، جلوس لوٹن کے معروف ایشین بازار بری پارک کے مختلف راستوں سے ہوتا ہوا واپس مرکزی جامع میں اختتام پذیر ہوا ۔
جہاں سے عظیم الشان گرینڈ محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا آغاز ہوا،پُر وقار بابرکت محفل میلاد النبیﷺ رات 9 بجے تک جاری رہی جس میں برطانیہ بھر سے جیّد علماء کرام، مشائخ عظام، ممتاز ثناخوانانِ مصطفیٰ اور عاشقانِ رسول کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔
گرینڈ محفل میلاد ﷺ کی صدارت خطیب مسجد علامہ حافظ اعجاز احمد نقشبندی نے کی جبکہ ڈاکٹر مفتی منور عتیق نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، بابرکت محفل میلاد کا آغاز قاری ابو آدم اخلاق الازہری نے تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔
نو گھنٹے سے زاہد جاری رہنے والی طویل گرینڈ محفل میلاد النبیﷺ میں اردو اور انگلش خطابات کے ساتھ ساتھ ثنا خوانانِ مصطفیٰﷺ جن میں مختار قادری،احتشام اسلم، قاری عیسیٰ نوشاہی اور دیگر نے اپنی پر سوز آواز اور انداز بیان سے رسول اللہ کی شان اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کرکے حاضرین محفل کو اپنی طرف متوجہ کیے رکھا۔
اس موقع پر معروف علمائے کرام جن میں ڈاکٹر مفتی منور عتیق، علامہ مولانا حافظ اعجاز احمد نقشبندی،علامہ حنیف ساقی،مولانا حافظ ارفات احمد،مولانا آمین الدین،حافظ عمر اور حافظ ایوب نے نبی کریم صلعم کی سیرت طیبہ، حسن اخلاق بالخصوص آپﷺ کی حیات مبارکہ سے جُڑے مختلف پہلووں پر مُفصل روشنی ڈالی اور کہا کہ آقائے دو جہان کی سُنتوں اور سیرت طیبہ پر عمل پیرا ہو کر ہی دُنیا میں امن اور آخرت میں راہ نجات ممکن ہے۔
تقریب میں 1500 سے زاہد افراد کے لیے لنگر کا اہتمام کیا گیا تھا جو دن بھر جاری رہا،محفل میلاد میں نبی رحمت کے حضور درود و سلام کے نزرانے پیش کیے گئے اور لوٹن میں عالمی وبا کروناوائرس کے دوران وفات پانے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور ان کے لیے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔