لندن: ڈاکٹروں نے ملکہ ایلزبتھ کو مزید 2 ہفتے آرام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ اس دوران وہ سرکاری دورے نہیں کرسکیں گی۔ بکنگھم پیلس کا کہنا ہے کہ 95 سالہ ملکہ اس دوران ہلکی پھلکی مصروفیات، جس میں ورچوئل اجلاس شامل ہیں، حصہ لے سکیں گی۔ ملکہ کی 14 نومبر کو Cenotaph میں یادگار سنڈے سروس میں شرکت کی شدید خواہش ہے، 20 اکتوبر کو شمالی آئرلینڈ کا دورہ منسوخ کرنے کے بعد ملکہ کا ابتدائی میڈیکل چیک اپ کیا گیا تھا، جس کے بعد ملکہ کو آرام کامشورہ دیا گیا، ملکہ اس صورت حال کے سبب کلائمٹ COP26 سربراہ اجلاس میں بھی شرکت نہیں کرسکیں گی۔
منگل کو ونڈسر کاسل سے ویڈیو لنک کے ذریعے وہ سفیروں کے اجلاس میں شرکت کر کے عوامی مصروفیات کا آغاز کریں گی لیکن اعلان کیا گیا ہے کہ وہ گلاسگو کے COP26 سربراہ اجلاس میں بھی شرکت نہیں کریں گی۔ محل سے بتایا گیا ہے کہ مندوبین کیلئے ان کا پہلے سے ریکارڈ شدہ ویڈیو پیغام نشر کیا جائےگا۔ وہ 13نومبر کو Remembrance on Saturday فیسٹیول میں بھی شرکت نہیں کرسکیں گی۔
یہ یادگار تقریب رائل البرٹ ہال میں شاہی فیملی کی موجودگی میں منعقد ہوتی ہے، ملکہ نے 19 اکتوبر کو ونڈسر کاسل میں عالمی سرمایہ کاری سربراہ کانفرنس کا انعقاد کیا تھا لیکن اس کے دوسرے ہی دن ایک ترجمان نے ان کے شمالی آئرلینڈ کے دورے کی منسوخی کا اعلان کیا اور بتایا کہ ملکہ نے نہ چاہتے ہوئے بھی اگلے چند دن آرام کرنے کا مشورہ قبول کرلیا ہے۔
بعد میں ایک بیان میں بکنگھم پیلس نے کہا تھا کہ رات کو کچھ ابتدائی ٹیسٹ کے بعد انھوں نے بدھ کی رات ہسپتال میں گزاری اور دوسرے دن وہ ونڈسر کاسل واپس آگئیں، جہاں ان کی صحت بہتر تھی، گزشتہ 8 سال کے دوران کنگ ایڈورڈ VII ہسپتال میں رات کا ان کا پہلا قیام تھا۔ ملکہ کی اکتوبر میں مصروفیات بہت زیادہ تھیں لیکن اب وہ ویسٹ منسٹر ایبے سروس میں چھڑی ہاتھ میں لئے چہل قدمی کرتی نظر آئی تھیں۔