لندن : کورونا سے بچائو کی بوسٹر ویکسین انگلینڈ میں واک ان سائیٹس پر بھی دستیاب ہے۔ نیشنل ہیلتھ سروس کو توقع ہے کہ اس سے موسم سرما میں درپیش چیلنج سے نمٹنے کیلئے لوگوں کی قوت مدافعت میں اضافہ کرنے میں مدد ملے گی۔ 6 ماہ قبل ویکسین کا دوسرا انجکشن لگوانے والے کم وبیش 30 ملین افراد کسی اپائنٹمنٹ کے بغیر بوسٹر انجیکشن لگواسکیں گے۔ این ایچ ایس آن لائن واک ان فائنڈر سے اب لوگ اپنے قریب ترین سینٹر پر بھی چیک کراسکیں گے۔
این ایچ ایس کا کہنا ہے کہ اب تک کم وبیش 6 ملین افراد بوسٹر انجیکشن لگوا چکے ہیں۔ کورونا ویکسین کی تیسری خوراک ان لوگوں کیلئے ہے، جن کا پہلی 2 خوراکوں کے بعد بھی مدافعتی نظام پوری طرح فعال نہیں ہوسکا ہے۔ یہ ان لوگوں کو لگایا جا رہا ہے، جن کا مدافعتی نظام بہت ہی کمزور ہے۔ بوسٹر ویکسین 50 سال سے زیادہ عمر کے لوگ، کیئر ہوم کا عملہ اور کیئر ہوم کے رہائشی لوگوں کے علاوہ فرنٹ لائن ہیلتھ اور سوشل کیئر ورکرز لگوا سکیں گے۔
اس کے علاوہ 16 سے 49 سال عمر کے ان لوگوں کو بھی تیسری خوراک لگائی جائے گی، جنھیں کورونا سے متاثر ہونے کا شدید خطرہ لاحق ہو اور حساس لوگوں کے ساتھ ایک ہی گھر میں رہنے والوں کو بھی یہ تیسری خوراک لگائی جائے گی۔ ٹاپ اپ ویکسین پورے انگلینڈ کے سیکڑوں مقامات پر دستیاب ہوگی۔ این ایچ ایس انگلینڈ کا کہنا ہے کہ جی پی پریکٹس میں رجسٹرڈ تمام، جو مستقل ویکسی نیشن سائیٹ کے 10 میل کی حدود میں رہتے ہوں، انھیں بھی یہ ویکسین دستیاب ہوگی۔