برمنگھم:کل جماعتی بین الاقوامی کشمیر رابطہ کمیٹی کا ایک نما ئندہ اجلاس برمنگھم میں کمیٹی کے صدر چوہدری شاہنواز کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں سرپرست اعلیٰ مولانا مفتی فضل احمد قادری سیکرٹری جنرل صاحبزادہ فاروق احمد قادری مرکزی ترجمان چوہدری ساجد یوسف، خواجہ محمد سلیمان، چوہدری محمد حنیف، راجہ عبدالقیوم اورنگزیب چوہدری اور دیگر نے شرکت کی ۔
اجلاس میں میرپور ائیرپورٹ تعمیر کرنے کی ایک قرار داد مشترکہ طور پر منظور کرلی گئی ہے قرارداد میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ میرپور ائیرپورٹ موومنٹ کے زیر اہتمام برطانیہ اور یورپ میں حالیہ دنوں میں چلنے والی مہم کی کل جماعتی کشمیر رابطہ کمیٹی حمایت کرتی ہے۔
قرارداد میں یہ بھی موقف اختیار کیا گیا اورسیزز میں آباد میرپور کوٹلی ڈویژن اور اس کے گرد و نواح سے تعلق رکھنے والے افراد کی سفری سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت پاکستان اور حکومت آزادکشمیر کو مل کر ائیرپورٹ کی تعمیر فلفور شروع کرنی چاہئے۔
یاد رہے حال ہی میں لندن لوٹن وٹفورڈ برمنگھم میں آباد کشمیری اور پاکستانی مختلف رہنماؤں نے میرپور ائیرپورٹ موومنٹ کا قیام عمل میں لایا ہے اور یہ دیرینہ مطالبہ ایک دفعہ پھر زور پکڑ گیا ہے کہ میرپور میں ائیرپورٹ کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے جبکہ میرپور ائیرپورٹ موومنٹ کے عبوری چیئرمین چوہدری حاجی محمد قربان کو نامزد کردیا گیا ہے۔