لاک ڈاؤن میں پارٹی کے معاملے پر بورس جانسن کی معافی، اپوزیشن لیڈر کا مستعفی ہونیکا مطالبہ

0 462

لندن: برطانیہ میں پہلے لاک ڈائون کے دوران ڈائوننگ سٹریٹ کے گارڈن میں منعقد ہونے والی پارٹی میں شرکت کرنے پر وزیراعظم بورس جانسن نے معافی مانگ لی ہے اور یہ موقف اختیار کیا ہے کہ ان کا خیال تھا کہ یہ کام سے متعلق تقریب ہے،تقریب میں شرکت کامقصد وبا کے دوران سخت محنت کرنے والے عملے کا شکریہ ادا کرنا تھا تاہم اپوزیشن لیڈر سر کیئر اسٹارمر نے بورس جانسن کی معافی کو بے سود قرار دیتے ہوئے ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا اور کہاکہ معافی برطانوی عوام کےلیےمزید ناگواری کاسبب ہے،’’پارٹی‘‘ چلنے سے اظہار لاعلمی مضحکہ خیز ہے۔

پارلیمنٹ میں وزیراعظم کے وقفہ سوالات کے موقع پر بورس جانسن نے اپنے بیان میں کہا کہ انہیں پارٹی کے انعقاد کے حوالے سے عوام کے غصہ اور دکھ کا احساس ہے۔ بورس جانسن نے کہا کہ ان کا تقریب میں آنے کا مقصد وبا کے دوران سخت محنت کرنے والے عملہ کا شکریہ ادا کرنا تھا، لیکن اس وقت اندازہ ہوتا تو تمام افراد کو تقریب ختم کرکے اندر جانے کو کہتا، لیکن میں تمام عمل کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں اور مجھے ان کا شکریہ ادا کرنے کیلئے کوئی دوسرا طریقہ اختیار کرنا چاہئے تھا۔

سر کیئر اسٹارمر نے کہا کہ بورس جانسن کو آج مجبور کیا گیا ہے کہ وہ اعتراف کریں کہ جب پورا ملک لاک ڈائون میں تھا تو وہ ڈائوننگ سٹریٹ میں پارٹی میں مصروف تھے اور بورس جانسن کا یہ کہنا کہ انہیں اس بات کا احساس نہیں ہوا کہ یہ ’’پارٹی‘‘ چل رہی ہے مضحکہ خیز ہے۔ بورس جانسن کا یہ دفاع برطانوی عوام کیلئے مزید ناگواری کا سبب بنا ہے اور کیا اب وہ استعفیٰ نہیں دیں گے۔ متعدد لیبر اراکین پارلیمنٹ، ایس این پی اور لبرل ڈیموکریٹ نے بھی بورس جانسن سے استعفیٰ دینےکا مطالبہ کیا۔

دریں اثنا اپوزیشن لیڈر سر کیئر اسٹارمر کا مزید کہنا تھا کہ جب ہیلتھ سیکرٹری میٹ ہینکاک قواعد کی خلاف ورزی پر اور ایڈوائزر الیگرا اسٹرٹین ایک ویڈیو میں پارٹی کے انعقاد کے حوالے سے مذاق کرنے پر مستعفی ٰ ہو سکتی ہیں تو وزیراعظم استعفیٰ کیوں نہیں دے سکتے، جس کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ اس معاملے کی تحقیقات مکمل ہونے دی جائے جس کے بعد اپوزیشن کو مزید سوالات پوچھنے کا موقع ملے گا ،ابھی سے کسی نتیجے پر پہنچنا مناسب نہیں۔

واضح رہے کہ 20 مئی کو جب یہ پارٹی منعقد ہوئی تو ا س میں ڈائوننگ سٹریٹ کے عملہ کے 100 افراد کو مدعو کیا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ وہ اپنی شراب ساتھ لائیں جب کہ لاک ڈائون پابندی کے نفاذ کے سبب صرف دو افراد کو گھر سے باہر دو میٹر کا سماجی فاصلہ رکھ کر ملاقات کی اجازت تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.