میئر لندن کا حکومت سے ماسک پہننے کی پابندی ختم کرنے کے فیصلے پرنظرثانی کا مطالبہ

0 199

لندن:میئر لندن صادق خان نے کہا ہے کہ کووڈ19کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے۔ حکومت27جنوری سے ماسک پہننے کی لازمی پابندی کو ختم کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کرے۔ اس بات کا اظہار میئر لندن صادق خان نے گزشتہ روز حکومت کی طرف سے پلان بی کی پابندیاں نرم کرنے کے فیصلے کے حوالے اپنے ردعمل میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ ماسک پہننا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے انتہائی اہم ہے۔ وبا ابھی ختم نہیں ہوئی ہے اور منہ کو ماسک سے ڈھانپنے سے وائرس کا پھیلائو کو روکنا آسان اور اہم ہے۔ حکومت اس حوالے سے نظرثانی کرتے ہوئے قواعد کو برقرار رکھے تاکہ لوگ پبلک ٹرانسپورٹ، دکانوں اور ان ڈور مقامات پر لازمی ماسک پہننے کا سلسلہ جاری رکھیں۔

انھوں نے کہا کہ اس امرکو یقینی بنانا ضروری ہے کہ قواعد واضح اور مستقل ہوں تاکہ ان پر عملدرآمد کرانا ممکن ہو۔ان کا کہنا تھا کہ اس وبا سے ہم نے ایک سبق سیکھا ہے کہ کسی بھی وقت مطمئن ہونے کا مطلب ہے کہ تمام قربانیاں اور سخت محنت ضائع ہوسکتی ہے۔ اس لیے ٹرانسپورٹ فار لندن کی سروسز استعمال کرنے کے لیے ماسک کی شرط برقرار رکھی جائے گی۔

انھوں نے کہاکہ وہ ہر شخص سے کہیں گے کہ درست طریقہ کار اپناتے ہوئے ماسک پہنے، تاکہ آئندہ مزید پابندیوں سے بچا جاسکے۔ ٹرانسپورٹ سیلریڈ سٹاف ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری مینوئل کورٹس نے میئر لندن صادق کے موقف کی حمایت کی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ عوام کی صحت کی حفاظت یونین کی اولین ترجیح ہے اور ماسک پہننے سے وائرس کا پھیلائو رکتا ہے، جس کے سبب عوام پبلک ٹرانسپورٹ پر زیادہ اعتماد کے ساتھ سفر کرسکیں گے۔ صادق خان اس سے قبل بھی یہ کہہ چکے ہیں کہ ماسک پہننے کی پابندی پلان بی ختم ہونے کے بعد ہی جاری رہنی چاہیے اور حکومت کو اس حوالے سے صرف لندن میں نہیں بلکہ تمام پبلک ٹرانسپورٹ نیٹ ورک میں ماسک پہننے کو لازمی برقرار رکھنا چاہیے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.