اسلام آباد:پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے آسٹریلیا، مالدیپ اور ہانگ کانگ کےلیے براہ راست پروازیں چلانے کا فیصلہ کرلیا۔
پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا ہے کہ آسٹریلیا، مالدیپ اور ہانگ کانگ کے لیے پاکستان سے براہ راست پروازوں کی منصوبہ بندی پر کام تیزی سے جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے کا استنبول اور بنکاک کے لیے بھی دوبارہ براہ راست فضائی آپریشن شروع کرنے کا پلان ہے۔
سی ای او پی آئی اے نے یہ بھی کہا کہ برطانیہ، امریکا اور یورپی ملکوں کے لیے براہ راست پروازوں کی بحالی کے لیے یورپی، برطانوی اور امریکی سول ایوی ایشن اتھارٹی سے بات چیت جاری ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ایاسا نے یورپی ملکوں کے لیے پروازیں چلانے کے لیے آڈٹ کا کہا ہے، آڈٹ کلیئر ہوتے ہی پروازیں بحال ہوجائیں گی۔