اپوزیشن، ترین گروپ، اتحادی سب کو تحریک عدم اعتماد آنے کا یقین

0 306

اسلام آباد:اپوزیشن، ترین گروپ اور اتحادی سب کو یقین ہے کہ تحریک عدم اعتماد آئے گی اور اس کی کامیابی کے امکانات بھی ہیں۔

اپوزیشن جماعتیں تو تحریک عدم اعتماد کو لے کر پُرامید ہیں ہی اور وہ اس حوالے سے دعوے بھی کر رہے ہیں لیکن اب حکومت کی اتحادی جماعتیں بھی کہہ رہی ہیں کہ اپوزیشن تحریک عدم اعتماد کی تحریک لانے کے لیے سنحیدہ ہے۔اتحادی جماعتوں کے اہم رہنماؤں سے رابطہ کرنے پر انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ہم سے رابطے تو کر رہی ہے لیکن اتحادی جماعتوں کو لگتا ہے کہ اپوزیشن نے حکومتی صفوں سے نمبر پورے کر لیے ہیں۔

حکومتی اتحادیوں کے مطابق حکومت کو خطرہ اپنے اتحادیوں سے نہیں بلکہ اپنی صفوں سے ہے، اس حوالے سے جب ہم نے جہانگیر ترین گروپ کے اہم رہنماؤں سے بات کی تو ان کا کہنا تھا کہ ہمارا حکومت سے کوئی رابطہ نہیں ہے اور حکومت میں سے بھی کسی نے ہم سے رابطہ نہیں کیا ہے۔اتحادی جماعتوں کی طرح ترین گروپ کو بھی اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے کوششوں میں سنجیدگی نظر آ رہی ہے اور عین ممکن ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے کچھ دن میں عدم اعتماد کی یہ تحریک قومی اسمبلی میں پیش کردی جائے۔

اس سوال پر کہ کیا ترین گروپ حکومت کے ساتھ کھڑا ہے، اس پر ان کا کہنا تھا کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ حکومت کی جانب سے رابطہ نہ ہو اور ہم ان کے ساتھ کھڑے رہیں۔اسی گفتگو میں ترین گروپ کے ارکان نے شہباز شریف، جہانگیر ترین کی ملاقات کی تصدیق یا تردید سے گریز کیا، لیکن وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری مطمئن ہیں کہ تحریک عدم اعتماد لائی ہی نہیں جائے گی اور اگر تحریک آئی تو ناکام ہوگی، مزید یہ کہ حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگلے 10 سے 15 دنوں میں اپوزیشن بالکل بیٹھ جائے گی اور اس طرح کی بے وقوفانہ پالیسیوں کی وجہ سے جہاں وہ ایک دم چیزیں اوپر لے جاتے ہیں اور پھر وہ اچانک اتنے اوپر سے نیچے گرتے ہیں کہ ان کی ہڈی پسلی ٹوٹ جاتی ہے۔ اپوزیشن زیادہ لاچار اور زیادہ نحیف نظر آئے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.