لندن:آر ایم ٹی کے انڈسٹریل ایکشن کی وجہ سے ٹیوب سروسز میں مزید خلل پیدا ہوگیا۔ مسافروں کو جمعہ کے روز سفری مشکلات کے ایک اور دن کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ ہزاروں کارکنوں کی صنعتی کارروائی کے اثرات نے اس ہفتے لندن میں ٹیوب سروسز کو معطل کر دیا ہے جبکہ ہفتے کے آخر میں مزید صنعتی کارروائی کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
ریل میری ٹائم اور ٹرانسپورٹ یونین (آر ایم ٹی) کے ارکان نے ملازمتوں، پنشن اور شرائط پر تعطل کے شکار تنازعہ پر منگل اور جمعرات کو 24، 24گھنٹے ہڑتال کی۔ جمعہ کی صبح سروسز متاثر ہوئی تھیں کیونکہ اسی طرح کی صنعتی کارروائی کے اثرات نے بدھ کی صبح انڈرگرائونڈ ٹرین سروس کو متاثر کیا۔ یونین کے ایگزیکٹو ز اپنے اگلے اقدام کا فیصلہ کرنے کے لئے ملاقات کریں گے، جس کے ترجمان نے کہا کہ مزید تعطل کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔
جمعہ اور ہفتہ کی شام کو آر ایم ٹی ممبران کی طرف سے نئے روسٹرز پر ایک الگ تنازع میں مزید ہڑتالیں کی جائیں گی۔ نائٹ ٹیوب سنٹرل اور وکٹوریہ لائنوں پر سروسز کو معطل کرنے کے لئے جون تک ویک اینڈ واک آؤٹ کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ آر ایم ٹی کو خدشہ ہے کہ حکومت کی طرف سے فنڈنگ کے معاہدے سے منسلک اخراجات میں کٹوتیوں سے سینکڑوں ملازمتیں ختم، پنشن میں کمی اور حالات کار خراب ہوں گے۔ ٹی ایف ایل کے چیف آپریٹنگ آفیسر اینڈی لارڈ نے اس ہفتے سروسز میں خلل کے لئے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ لوگ ہڑتال کی کارروائی سے مایوس کیوں ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پنشن یا شرائط و ضوابط میں کسی قسم کی تبدیلی تجویز نہیں کی ہے اور ہم نے جو تجاویز مرتب کی ہیں ان کی وجہ سے کوئی بھی اپنی ملازمت سے محروم نہیں ہوا ہے اور نہ ہی کوئی ملازمت سے محروم ہوگا، اس لئے یہ صنعتی کارروائی مکمل طور پر غیر ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ ہمارے صارفین اس مسلسل رکاوٹ سے بہتر کے مستحق ہیں اور اسی وجہ سے ہم آر ایم ٹی پر زور دے رہے ہیں کہ وہ ہم سے بات کرے تاکہ ہم اس تنازعہ کا حل تلاش کر سکیں، جس نے پہلے ہی لندن میں وبا سے بحالی کے عمل کو نقصان پہنچایا ہے۔ آر ایم ٹی کے جنرل سیکرٹری مک لنچ نے ہڑتالوں کے لئے اپنے اراکین کی جانب سے سپورٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یونین سینکڑوں ملازمتوں کے ضائع ہونے اور پنشن میں تبدیلی کے خطرے سے لڑنے کے لئے پرعزم ہے۔
Comments are closed.