لوٹن ائرپورٹ توسیع منصوبہ ہمارے شہر کیلئے لائف لائن ہے، راجہ اسلم خان

454

لوٹن میں 2040 وژن پر کام جاری ہے، برطانیہ کی مرکزی حکومت نے پسماندہ علاقوں کو خوشحال علاقوں کے برابر کرنے کے لیے لیول انگ اپ کے نام سے جو پروگرام شروع کیا ہے اس میں لوٹن کونسل کی کاوشوں کو خصوصی طور پر سراہا گیا ہے، 2040 وژن کیلئے 20 ملین ٹائون سنٹر ری جنریشن کی فنڈنگ بھی دی گئی ہے جس سے مزید ملازمتوں کے مواقع فراہم کئے جائیں گے ان خیالات کا اظہار ڈپٹی لیڈرلوٹن بارو کونسل راجہ اسلم خان نے 3 مارچ کو لوٹن کونسل کی طرف سے مقامی صحافیوں کے ساتھ ایک پریس بریفنگ میں کیا، وہ بطور ڈپٹی لیڈر، بطورایجوکیشن پورٹ فولیو ہولڈر اس امر کو یقینی بنانے کیلئے پُرعزم ہیں کہ لوٹن مستقبل قریب میں ایک ایسا شہر ہو جہاں پر اقلیتی برادریوں سمیت سب طبقات مساوی مواقع کے تحت سوسائٹی میں آگے بڑھ سکیں، اس مقصد کیلئے ان کا یہ وژن ہے کہ کمیونٹی کے بچے اور نوجوان زیادہ سے زیادہ تعلیم اور سکلز کے وافر مواقع سے استفادہ حاصل کر سکیں، تعلیم اور ملازمت کے درمیان گہرا تعلق ہے اعلیٰ اور معیاری تعلیم کے بغیر اچھی ملازمت ملنا دشوار ہے اسی لیے بطور ایگزیکٹو کونسلر اور تعلیم کے خصوصی منصب کے ذریعے وہ اس بات کیلئے کوشاں ہیں کہ تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے اور روزگار کے بہتر ذرائع تخلیق کیے جائیں اس مقصد کیلئے لوٹن کونسل مختلف سطح پر کام کر رہی ہے۔

لندن لوٹن ائرپورٹ توسیع اسی سٹریٹجی کا ایک حصہ ہے جس کے ذریعے صرف مقامی سطح پر 5 ہزار ملازمتیں تخلیق کی جائیں گی، جب کہ لنکس جابز کی تعداد 23 ہزار سے زیادہ ہوگی اس منصوبے کو کمیونٹی کے بھرپور تعاون کی ضرورت ہے اسی طرح جو دیگرمنصوبے تعلیم اور ملازمتوں اور روزگار کے لیے تخلیق کیے گئے ہیں کمیونٹی کا باشعور طبقہ اور میڈیا ان کی سپورٹ کرے اور ایسے بامقصد منصوبے جات کو اقلیتی میڈیا میں بھی سامنے لائے جائیں اس مقصد کیلئے 3مارچ کو کونسل نے ایک پریس بریفنگ کا اہتمام بھی کیا جس میں قائم مقام لیڈر آف لوٹن بارو کونسل راجہ محمد اسلم خان، چیئرلوٹن رائزنگ ائرپورٹ توسیع منصوبے متعلق کمیٹی میں کونسل کی نمائندہ کونسلر جویریہ حسین اور اسٹراٹیجی ڈولپمنٹ منجر انتھونی اولڈریچ نے شرکت کی اور میڈیا کو تفصیل سے لوٹن وژن 2040، لیولنگ اپ اور لندن لیوٹن ائرپورٹ توسیع کے فوائد سے بھی آگاہ کیا، ڈپٹی لیڈر کونسلر اسلم خان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ لوٹن ٹاون کی غربت کو دور کرنا، صحت کا نظام بہتر بنانا، روزگار کے مواقع تلاش کرنا اور یکساں بنیادوں پر روزگار مہیا کرنا اور آمدنی میں اضافہ کرنا یہ لوٹن کونسل کے اہداف ہیں اور یہ لوٹن بارو کونسل کے ویژن 2040 کا ہی تسلسل ہے یعنی ائر پورٹ توسیع منصوبے کی تکمیل اور اس ٹاون کو جدید بنیادوں پر تعمیر کرنا اور ماحولیاتی آلودگی سے محفوظ بنانا ہے ان کا کہنا تھا کہ ائرپورٹ توسیع کے بعد اس ٹاون کا براہ راست رابطہ دنیا بھر سے ہوجائے گا چونکہ یہاں سے ان ملکوں میں بھی لانگ دورانیے کی پروازیں چلنا شروع ہوجائیں گئیں جہاں پہلے یہ سفری سہولیات نہیں تھیں جب کہ آمدنی میں اضافہ ہوگا ۔

انہوں نے بتایا کہ لندن، لوٹن ائرپورٹ سے 1.8 بلین پونڈز کی آمدنی ہورہی ہے جب کہ سالانہ 18 ملین مسافر سفر کررہے ہیں توسیع منصوبے سے آمدنی میں مزید بے حد اضافہ ہوگا اور مزید کئی ملین مسافر یہاں سے سفر کرنے کے قابل ہوں گے، بریفنگ میں کونسلر جویریہ حسین کا کہنا تھا کہ ائر پورٹ توسیع منصوبہ ہمارے شہر کیلئے لائف لائن ہے، ان کا مذید یہ کہنا تھا کہ یہ سعی کی گئی ہے کہ اس منصوبے سے شہر میں آلودگی نہ بڑھے اور لوٹن ٹائون کو پورے یوکے میں زیادہ سے زیادہ ماحولیاتی طور پر فرینڈلی بنایا جائے، توسیع منصوبے کا ایک حصہ ڈارٹ ٹرین ٹرمینل ہے جو پارک وے اسٹیشن سے ایئرپورٹ کے درمیان واقع ہے جس کے ذریعے شٹل ٹرین مسافروں کو 24 گھنٹے صرف 5 منٹ میں ائر پورٹ کے اندر پہنچا دیتی ہے جب کہ لندن انٹرنیشنل کنگ کراس سے صرف آدھے گھنٹے میں لوٹن ڈارٹ پارک وے اسٹیشن تک کی مسافت ہے یہ ڈارٹ ٹرمینل ائرپورٹ سے لنک کرتا ہے لوٹن کونسل میں لوٹن رائزنگ پروجیکٹ کے آفیسر انتھونی کا کہنا تھا کہ یہ واحد ائرپورٹ ہے جو کمیونٹی ائرپورٹ ہے جبکہ لوکل سروسز چلانے کیلئے لوکل بجٹ کی15 فیصد آمدنی یا ریونیو ائرپورٹ سے آتا ہے ائرپورٹ سے جو ریونیو آتا ہے، اس میں سے رضاکارانہ سیکٹرز یعنی چیرٹیز وغیرہ کو 2004سے 2022تک 150 ملین پونڈز کی خطیر رقم دی گئی ہے جب کہ 257ملین پونڈز 1998سے لے کر ائرپورٹ سے آمدنی ہوئی ہے۔

انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ لندن، لوٹن ائرپورٹ سے نہ صرف لوٹن کونسل کے بجٹ کو مدد ملتی ہے بلکہ مقامی اور قومی سطح پر روزگار کے وافر مواقع پیدا ہوتے ہیں اس موقع پر اس بات پر زور دیا گیا کہ کمیونٹی کے ہر فرد کو اس منصوبے کی حمایت کرنی چاہئے لوٹن رائزنگ منصوبے کی حمایت آن لائن کی جائے یا فارم بھر کر کی جائے اس موقع پر لوٹن کمیونی کیشن ڈپارٹمنٹ کی ساحرہ کوکس نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستانی میڈیا کو باضابطہ طور پر مدعو کیا گیا تھا، اور ان کے رول کو شناخت کرتے ہوئے زور دیا گیا کہ وہ بھی وژن 2040، ائرپورٹ پورٹ توسیع اور مزید کونسل پراجیکٹ کا حصہ بنیں اور ان منصوبہ جات کے کمیونٹی پر امپیکٹ impact کو ذرائع ابلاغ میں روشناس کرایا جائے جب کہ صحافیوں سے خصوصی بات چیت میں راجہ محمد اسلم خان نے بتایا کہ 2040 کا لوٹن وژن یہ ہے کہ لوٹن ایک ایسا ٹاؤن بنے جہاں پر تمام شہریوں کو یکساں ترقی کے مواقع مہیا ہوں تاکہ پھر کسی کو غربت میں نہیں رہنا پڑے گا۔

انہوں نے بتایا کہ 2040 وژن کے مطابق حالیہ بجٹ میں لوٹن ٹاؤن سینٹر اور علاقے کی صفائی ستھرائی، سڑکوں کی مرمت اور کھیل کے میدانوں کو بہتر بنانےکیلئے زیادہ رقم مختص کی گئی ہے ​​انہوں نے یہ بھی بتایا کہ لوٹن کو چائلڈ فرینڈلی شہر بنانے کیلئے کئی منصوبوں پر کام جاری ہے، چئیر اف لوٹن رائزنگ کونسلر جویریہ حسین نے بتایا کہ لندن لوٹن ہوائی اڈے کی مجوزہ طویل مدتی توسیع کے بارے میں عوامی مشاورت اپنے چوتھے ہفتے میں داخل ہو چکی ہے۔ اس توسیع سے پورے خطے میں بہت سے فوائد ہونگے، آپ اس بارے میں سب کچھ لوٹن کونسل کی ویب سائٹ پر تلاش کر سکتے ہیں، جہاں یہ اہم بات یقینی بنانا ہے کہ لوٹن کے لوگوں کی آواز سنی جائے۔ آپ کے تاثرات ہمیں نہ صرف یہ بتا سکتے ہیں کہ آپ کہ تجاویز کے کون سے پہلو پسند اور ناپسند ہیں، بلکہ ان کو بہتر بنانے میں ہماری مدد بھی کر سکتے ہیں اور یہ کرنا واقعی آسان ہے۔ لوٹن کونسل نے مزید تفصیل دی ہے کہ آپ مندرجہ ذیل طریقوں سے مشاورت کا جواب دے سکتے ہیں۔ اپنے خیالات کو ای میل کریں: [email protected]۔ مندرجہ بالا پتے پر ایک خط اور ای میل لکھیں، یا بھیجیں: Freepost Future Luton 2022 (کوئی ڈاک ٹکٹ درکار نہیں) یہاں ایک آن لائن فیڈ بیک فارم مکمل کریں۔

Comments are closed.