چیرٹی اسٹیپ چینج کی چانسلر رشی سوناک سے غریب ترین لوگوں کی امداد کرنے کیلئے اپیل

433

لندن:ایک چیرٹی اسٹیپ چینج نےچانسلر سے اپیل کی ہے کہ وہ غریب ترین لوگوں کی امداد کیلئے کچھ کریں۔ چیرٹی اسٹیپ چینج نے چانسلر رشی سوناک سےمطالبہ کیا ہے کہ وہ اس ہفتہ اپنے اسپرنگ کے بیان میں غریب گھرانوں کی ویلفئر بینی فٹس میں اضافے کے ساتھ ہی انرجی بلز کی ادائیگی میں بھی ان کی مدد کریں۔ چیرٹی کا کہنا ہے کہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو مزید لوگ قرض کے چکر میں پھنس جائیں گے جبکہ رشی سوناک نے بی بی سی سے باتیں کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ لوگوں کو بڑھتی ہوئی قیمتوں کے نتائج سے تحفظ نہیں دے سکتے۔

قرض سے متعلق چیرٹی چاہتی ہے کہ حکومت اپریل میں بینی فٹس میں کم از کم 7 فیصد اضافہ کردے۔ چیرٹی چاہتی ہے کہ لوکل کونسلوں کی فنڈنگ میں اضافہ کیا جائے تاکہ وہ لوگوں کو وائوچرز، گرانٹس اور ضروری بل کی ادائیگی کیلئے صوابدیدی ادائیگیاں کرسکیں۔ اسٹیپ چینج گھروں کو گرم رکھنے کیلئے دی جانے والی رعایت میں اضافہ کرنے اور انرجی کمپنیوں کو ایسے لوگوں سے واجبات کی وصولی سے روکنے کی ہدایت کرنے کا بھی مطالبہ کررہی ہے، جو بلز ادا نہیں کرسکے ہیں۔ چیرٹی کا کہنا ہے کہ 20فیصد افراد کا کہنا ہے کہ وہ اس سال قرض میں ڈوب چکے ہوں گے اور قرض واپس نہیں کرسکیں گے۔

یوگوو نے اسٹیپ چینج کیلئے 1,676افراد سے سروے کیا، اس دوران 42فیصد افراد نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ اگلے مہینوں کے دوران انھیں انرجی بلز کی ادائیگی میں دشواری پیش آئے گی۔ قرض سے متعلق چیرٹی کا کہنا ہے کہ اگر اب انرجی بلز سالانہ 3,000 پونڈ تک پہنچ گئے تو غریب خاندانوں کو اپنی آمدنی کا چھٹا حصہ انرجی بلز کی مد میں اداکرنا ہوگا۔ توقع ہے کہ بدھ کو چانسلر رشی سوناک اپنی تقریر میں معیشت کی مجموعی صورت حال کے بارے میں بتائیں گے لیکن اس تقریر میں ٹیکسوں میں بڑے پیمانے پر ردوبدل یا سرکاری اخراجات میں کسی بڑی تبدیلی کے اعلان کا امکان نہیں ہے۔

Comments are closed.