رواں سال ہر پانچ میں سے ایک شخص کو قرض کی پریشانی میں مبتلا ہونے کا خدشہ

294

لندن:اس سال ہر پانچ میں سے ایک شخص کو قر ض کی پریشانی میں مبتلا ہونے کا خدشہ ہے۔ ایک چیرٹی کے مطابق پانچ میں سے ایک شخص (21 فیصد) کا خیال ہے کہ بیرونی مالی دباؤ انہیں اس سال قرض کے مسئلے سے دوچار کر دے گا۔ سٹیپ چینج ڈیبٹ چیرٹی نے کہا کہ 10میں سے تین (31فیصد) صحت مند غذا اور موسم کے لئے موزوں لباس جیسی ضروری چیزوں کی ادائیگی کے لئے جدوجہد کرنے کے خدشہ میں مبتلا ہیں۔ تقریباً نصف (47فیصد ) لوگوں کا خیال ہے کہ وہ اس سال اپنی بچت استعمال کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔

یہ نتائج مارچ میں 1600سے زیادہ افراد سے کئے گئے ایک سروے کے ذریعےسامنے آئے ہیں۔ اعدادوشمار سٹیپ چینج ڈیبٹ چیرٹی کے ہر سال ’’قرض سے آگاہی‘‘ کے ہفتہ کے موقع پر جاری کئے گئے جوکہ 21 تا 27 مارچ تک منایا جائے گا۔ سٹیپ چینج نے کہا کہ اس کی اپنی ماڈلنگ سے پتہ چلتا ہے کہ اگر توانائی کے بل سالانہ 3000تک پہنچ گئے تو سب سے زیادہ مالی طور پر کمزور گھرانے ہر 6پونڈز میں توانائی کے اخراجات پر 1پونڈ زائد خرچ کر رہے ہوں گے۔

اس ہفتے موسم بہار کے بیان سے پہلے سٹیپ چینج کے چیف ایگزیکٹیو فل اینڈریو نے کہا کہ فروری میں اعلان کردہ سپورٹ کا ابتدائی اعلان خوش آئند تھا مگر یوکرین میں جنگ نے پہلے سے ہی مشکل صورتحال کو مزید بڑھا دیا ہے اور واضح طور پر مزید کارروائی کی ضرورت ہے۔ نیشن وائیڈ بلڈنگ سوسائٹی کی ایک علیحدہ رپورٹ، جس نے فروری میں اپنے اراکین کی جانب سے کئے گئے لاکھوں لین دین کا سراغ لگایا، وہ اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ یوٹیلٹیز اوربلوں پر اخراجات فروری 2021کے مقابلے میں 15 فیصد بڑھ گئے ہیں۔ سوسائٹی کے ممبران نے ایندھن اور الیکٹرک گاڑیوں کی چارجنگ پر جو رقم خرچ کی، اس میں 70 فیصد اضافہ ہوا۔

نیشن وائیڈ نے کہا کہ ایندھن کی بڑھتی ہوئی لاگت کی وجہ سے لاک ڈاؤن کی پابندیوں میں نرمی کے بعد کام پر آنے والے زیادہ لوگ الیکٹرک گاڑیوں کی طرف مائل ہو رہے ہیں۔ نیشن وائیڈ بلڈنگ سوسائٹی میں ادائیگیوں کے سربراہ مارک نالڈر نے کہا کہ افراط زر اس بات پر اثر انداز ہوتا ہے کہ ہم کتنی رقم خرچ کر سکتے ہیں اور ہم اسے کہاں خرچ کر رہے ہیں، ہم پہلے ہی یہ توقع کر رہے تھے کہ اس سال خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں ضروریات زندگی کے اخراجات میں اضافہ کا امکان ہے، وہاں مجموعی طور پر یوٹیلٹیز، بل اور ایندھن کے اخر اجات بڑھ جائیں گے مگر ہم بہت سے گھرانوں کو غیر ضروری اخراجات کم کرنے کی ضرورت کا اندازہ لگاتے ہیں کیونکہ وہ خاندانی مالیات کو متوازن کرنے کی پوری کوشش کرتے ہیں۔

Comments are closed.