لندن:قومی شماریات دفتر کے مطابق برطانیہ میں ہر13واں فرد یعنی کم وبہش4.9ملین افراد کورونا وائرس سے متاثر ہیں، کورونا سے متاثرین کی یہ تعداد گزشتہ ہفتہ کے 4.3ملین کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ قومی شماریات دفتر کا کہنا ہے کہ یہ تعداد اپریل 2020کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔ کورونا میں اضافے کی بڑی وجہ لوگوں کے آپس میں ملنا جلنا ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ 26مارچ کو کئے جانے والے سروے میں بالکل درست اعدادوشمار سامنے آئے ہیں کہ کورونا کی پابندیاں ختم ہونے کے بعد کمیونیٹیز میں کیا ہو رہاہے۔
قومی شمایات دفتر نے اس سروے کیلئے پورے برطانیہ میں ہزاروں ٹیسٹ کئے، جس کے بعد سینئر ماہر شماریات نے بتایا کہ کورونا سے انفیکشن کی شرح اب بھی بہت زیادہ ہے۔ سروے سے پتہ چلا ہے کہ انگلینڈ اور ویلز میں لوگ خاص طورپر معمر افراد سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ تازہ ترین ڈیٹا اس وقت سامنے آیا جبکہ زیادہ تر لوگوں کو کوویڈ کے ٹیسٹ کیلئے فیس ادا کرنا پڑے گی جبکہ پلان کے مطابق صرف بعض گروپوں کو، جن میں ہسپتالوں میں داخل مریض اور ہیلتھ اور کیئر کے ملازمین شامل ہیں، مفت ٹیسٹ کے سہولت حاصل رہے گی۔
اب عام لوگوں سے کہا گیا ہے کہ کورونا کا مثبت ٹیسٹ آنے کی صورت میں لوگوں کو5دن کیلئے آئسولیٹ رہنے اور لوگوں ملنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ 18 سال یا اس سے کم عمر کو بچوں کو 3 دن آیسولیٹ ہونا کافی ہے۔ شمالی آئرلینڈ میں ہر 15میں سے ایک فرد کورونا سے متاثر بتایا گیا ہے جبکہ اسکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ کی صورت حال کو غیر یقینی قرار دیا گیا ہے۔ اعداوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہسپتالوں میں کوروناکی وجہ سے داخل مریضوں کی شرح جنوری کی سطح پر آگئی ہے لیکن جنوری اور پہلے کی صورت حال میں فرق یہ ہے کہ جنوری میں ہسپتالوں میں داخل 56فیصد مریضوں کا کورونا کا علاج ہو رہا تھا جبکہ 29مارچ کے سروے کے مطابق ہسپتالوں میں کورونا کے بستر پر موجود صرف 44 فیصد افراد کا کورونا کا علاج کورونا ہو رہا تھا اور کورونا کی وجہ سے انتہائی نگہداشت کی ضرورت بھی بہت کم تھی۔
جمعرات کو انگلینڈ کی چیف ڈپٹی میڈیکل افسر سر جوناتھن وان تام نے رائل سوسائٹی کی میڈیسن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معمر افراد کو محفوظ رکھنا اصل مسئلہ ہے۔ انھوں نے بتایا کہ لندن میں کورونا کی وجہ ہسپتال میں داخلے کی شرح بہت زیادہ ہے، 75 سال سے عمر کیلئے بوسٹر ڈوز کی اہمیت اب زیادہ بڑھ گئی ہے، 75 سال سے زیادہ عمر کے جن لوگوں کی قوت مزاحمت کمزور پڑ گئی ہے، وہ وائرس کے خلاف قوت مزاحمت بڑھانے کیلئے موسم بہار میں بوسٹر ڈوز کی بکنگ کراسکتے ہیں۔
Comments are closed.