لندن:پوری آبادی میں خوراک کے طریقوں کو بہتر بنانے کے سلسلے میں غور کیلئے ایک ریویو میں وٹامن ڈی کی اہمیت کو مرکزی حیثیت حاصل ہوگی۔ ڈپارٹمنٹ فار ہیلتھ اینڈ سوشل کیئر (ڈی ایچ ایس سی) نے کہا کہ برطانیہ میں تقریباً چھ میں سے ایک بالغ اور تقریباً 20فیصد بچوں میں وٹامن ڈی کی سطح حکومت کی سفارش کردہ مقدار سے کم ہے۔ انسانی جسم میں وٹامن ڈی کی سطح کو بہتر بنانے کا ریویو ڈائٹری سپلیمنٹس اور فورٹیفائیڈ فوڈ اور مشروبات کے ممکنہ آپشنز پر غور کرے گا۔ وٹامن ڈی کی کمی کا تعلق بچوں میں رکٹس اور بڑوں میں ہڈیوں کے درد اور پٹھوں کی کمزوری سے ہے۔
معمر افراد کے گھروں میں بند رہنے اور بلیک اینڈ سائوتھ ایشین کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے لوگوں میں اس اہم وٹامن کی سطح کم ہونے کے امکانات زیادہ پائے جاتے ہیں۔ آفس فار ہیلتھ امپروومنٹ اینڈ ڈسپیرٹیز (او ایچ آئی ڈی) کی جانب سے اس سلسلے میں شواہد اکٹھے کرنے کیلئے یہ ریویو شروع کیا گیا ہے۔ جس مبں پبلک، پبلک ہیلتھ ماہرین، ریٹیلرز، فوڈ مینو فیکچررز اور دیگر انڈسٹری باڈیز اس اہم وٹامن کے ان ٹیک کو بہتر بنانے اور وٹامن ڈی کی کمی سے نمٹنے کے طریقوں پر غور کریں گے۔
یہ ریویو ہیلتھ ڈسپریٹز وائٹ پیپر سے قبل کیا جا رہا ہے، جو سال رواں کے آخر میں شائع کیا جائے گا۔ اس کے بارے میں آفس فار ہیلتھ امپروومنٹ اینڈ ڈسپیرٹیز (او ایچ آئی ڈی) نے کہا کہ اس ریویو میں مختلف مقامات اور کمیونٹیز کے درمیان صحت کے تفاوت کو کم کرنے اور ان کے وجوہ کو حل کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ لوگوں کا بیک گرائونڈ صحت مند زندگی کے لئے ان کے امکانات کا تعین نہ کرے۔ آفس فار ہیلتھ امپروومنٹ اینڈ ڈسپیرٹیز (او ایچ آئی ڈی) کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں لوگوں کی اکثریت اپنی جلد پر سروشنی (دھوپ) کے ذریعے وٹامن ڈی حاصل کرتی ہے اور یہ کام موسم بہار اور موسم گرما میں ہوتا ہے جیسا کہ وٹامن ڈی کے ڈائٹری ذرائع محدود ہوتے ہیں۔ حکومت کی تمام ایڈلٹس اور بچوں کیلئے موجودہ ایڈوائس میں کہا گیا ہے کہ وہ اکتوبر اور مارچ کے درمیان روزانہ 10 مائیکرو گرام وٹامن ڈی کے سپلیمنٹ لینے پر غور کریں۔
ہیلتھ اینڈ سوشل کیئر سیکرٹری ساجد جاوید کا کہنا ہے کہ ہمیں صحت مند زندگی کے بیک گرائونڈ اور امکانات کے درمیان تعلق کو توڑنا چاہئے کیونکہ میں قوم کی صحت کو بہتر بنانے اور تفاوتوں سے نمٹنے کیلئے انتہائی پرعزم ہوں۔ ان کا کہنا ہے کہ باہر تک رسائی محدود ہونے کی وجہ سے جسم میں وٹامن ڈی کی سطح کم ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، یہ وٹامن ہڈیوں اور پٹھوں کی صحت کیلئے بہت ضروری ہے اور زندگی کے بعد کے برسوں کو بہتر انداز میں گزارنے کیلئے یہ وٹامن اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اس مطالبے پر شواہد جمع کرنے کیلئے کام شروع کردیا ہے، تاکہ لوگوں میں وٹامن ڈی ان ٹیک میں اضافہ کرنے کی حوصلہ افزائی کیلئے اینوویٹو طریقے تلاش کئے جا سکیں، جن کے ذریعے ہم لوگوں کی طویل، صحت مندانہ اور خوشگوار زندگی گزارنے میں مدد کر سکیں۔
Comments are closed.