لندن:برطانیہ کی کار انڈسٹری شدید متاثر ہوئی ہے اور گزشتہ ماہ صرف 243,479نئی کاریں رجسٹرڈہوئیں جو 1998کے بعد سب سے کم تعداد ہے۔ موٹر مینو فیکچررز اینڈ ٹریڈرز کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال مارچ کے مقابلے میں کار کی فروخت میں 14.3فیصد کمی آئی ہے ۔
موٹر مینو فیکچررز اینڈ ٹریڈرز کے چیف ایگزیکٹو مائک Hawes نے اس صورت حال کو مایوس کن قرار دیاہے ان کا کہنا ہے کہ مارچ کا مہینہ عام طورپرمصروف ترین مہینہ تصور کیا جاتا ہے کیونکہ اس مہینے نئی نمبر پلیٹ کی طلب بڑھ جاتی ہے انھوں نے کہا کہ اگرچہ طلب اب بھی بہت زیادہ ہے لیکن کاروں کی فروخت میں کمی سے عالمی سطح پر سیمی کنڈکٹر کی کمی کی شدت کا احساس ہوتا ہے کیونکہ کار تیار کرنے والے اب کم دھواں چھوڑنے والی جدید ترین گاڑیاں فراہم کرنا چاہتے ہیں اور خریدار اس کا بے صبری سے انتظار کررہے ہیں ۔
انھوں نے کہا کہ جولوگ ترغیبات اور کار چلانے پر کم لاگت کیلئے کار کے منتظر ہیں ان کے لئے نئی کار کا اسی وقت آرڈر دینا فائدہ مند ہوگا کیونکہ یوکرائن کے بحران سے سپلائی مزید متاثر ہوگی ، اب جبکہ گھروں اور کاروبار چلانے کے اخراجات میں اضافہ ہورہاہے حکومت کو صارفین کی مدد کرنی چاہئے تاکہ بجلی سے چلنے والی گاڑیاں سڑکوں پر آسکیں۔ برطانیہ نے 2050تک دھوئیں کااخراج بالکل بند کرنے کا وعدہ کیا ہے صارفین کی مدد سے یہ ہدف حاصل کرنے میں مدد ملے گی ، اطلاعات کے مطابق مارچ میں مجموعی طورپر 64,165بیٹری سے بجلی پیدا کرنے والی گاڑیاں رجسٹرڈ کرائی گئی ہے جوکہ گزشتہ سال اسی مہینے کے مقابلے میں 78.7فیصد زیادہ ہیں ۔
Comments are closed.