اسلام آباد:سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد قومی اسمبلی میں ملک کے نئے وزیراعظم کا انتخاب آج ہوگا، قائد ایوان کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے شہباز شریف اور پی ٹی آئی کے شاہ محمود قریشی نے کاغذات نامزدگی جمع کروادیے ہیں۔
نئے وزیراعظم کا الیکشن آج (11 اپریل) کو ہوگا، اس حوالے سے قومی اسمبلی نے نئے وزیراعظم کے انتخاب کا شیڈول جاری کردیا۔وزیراعظم کے امیدوار کے لیے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے کاغذات نامزدگی سیکریٹری قومی اسمبلی نے منظور کرلیے۔
اسکروٹنی کے عمل میں تحریکِ انصاف نے شہباز شریف کے نیب کیسز کو بنیاد بنا کر اعتراض اٹھایا، جسے سیکریٹری قومی اسمبلی نے مسترد کردیا تھا۔پی ٹی آئی کے بابر اعوان نے کہا کہ دنیا کا پہلا وزیراعظم ہوگا جو 10 مہینے سے ضمانت پر ہے، جواب میں مسلم لیگ (ن) کے عطا تارڑ بولے شہباز شریف کو کسی بھی مقدمے میں سزا نہیں ہوئی۔
اس صورت حال پر سیکریٹری اسمبلی نے کہا کہ وقت ضائع نہیں کریں، محض الزامات پر کیسے نااہل ہوسکتا ہے، سیاسی تقریریں نہیں کریں۔سیکریٹری قومی اسمبلی نے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ کاغذات پر تجویز اور تائید کنندگان کے دستخط بھی درست ہیں۔
Comments are closed.