صدرِمملکت ڈاکٹر عارف علوی سے امریکی رکن کانگریس الہان عمر کی ملاقات

143

اسلام آباد:صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے امریکی رکن کانگریس الہان عمر نے اسلام آباد میں ایوانِ صدر میں ملاقات کی ہے۔اس موقع پر صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔الہان عمر کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید بہتر اور مضبوط کرنے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے بھی امریکی رکن کانگریس الہان عمر نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ تعلقات کی قدر کرتا ہے جبکہ الہان عمر نے کہا کہ امید ہے کہ ان کے دورے سے پاک امریکا تعلقات کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ مزید برآں الہان عمر نے وزارتِ خارجہ میں وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر سے بھی ملاقات کی۔

قبل ازیں الہان عمر نے سابق وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی،ملاقات میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ مشکلات کے باوجود الہان عمر کا اسلاموفوبیا کے خلاف علم اٹھانا قابلِ تحسین ہے۔پاکستان کے دورے پر آئی امریکی رکن کانگریس الہا ن عمر کا کہنا ہے کہ ایک عرصے سے عمران خان سے ملاقات کی خواہاں تھی۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے پاکستان کے دورے پر آئی امریکی رکن کانگریس الہان عمر نے ان کی رہائش گاہ بنی گالہ میں ملاقات کی، ملاقات میں بھارت میں ہندوتوا نظریے اور مسلمانوں پر اس کے تباہ کن اثرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔الہان عمر نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے تدارک کے لیے مسودۂ قانون امریکی پارلیمان میں لایا جارہا ہے، دنیا بھر سے مسلمانوں کے خلاف بغض و تعصب کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

عمران خان نے کہا کہ مشکلات کے باوجود الہان عمر کا اسلاموفوبیا کے خلاف علم اٹھانا قابلِ تحسین ہے، نائن الیون کے بعد اسلام اور اہلِ اسلام کے خلاف بدترین انتقامی مہم کا نشانہ بنایا گیا۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ شدت پسندی اور دہشت گردی کو اسلام اور شعائرِ اسلام سے جوڑا گیا، ہندوستان میں نفرت کا رخ مسلمانوں کی جانب موڑا جارہا ہے۔

یاد رہے کہ امریکی رکن کانگریس الہان عبداللہ عمر بدھ کو اسلام آباد پہنچیں، پاکستان میں قیام کے دوران وہ آزاد کشمیر کا بھی دورہ کریں گی۔اسلام آباد ایئرپورٹ پر دفتر خارجہ کے ڈی جی امریکا محمد مدثر ٹیپو نے ڈیموکریٹ کانگریس ویمن الہان عمر کا استقبال کیا۔

الہان عبداللہ کا تعلق ڈیوکریٹک پارٹی سے ہے وہ ریاست منی سوٹا سے رکن کانگریس ہیں اور کانگریس کی دو مسلمان ارکان میں سے ایک ہیں۔ وہ 2018 میں رکن کانگریس منتخب ہوئی تھیں۔

Comments are closed.