لندن:ایک ریسرچ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بچے انعام کے لالچ میں زیادہ سبزیاں کھا لیتے ہیں۔ ماسٹر چٹ میں موٹاپے کے حوالے منعقدہ یورپی کانگریس میں پیش کی گئی ریسرچ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بچوں کو اسٹکرز یاچھوٹے کھلونا تاج دینے سے ان میں صحت مند غذا سے دلچسپی بڑھائی جاسکتی ہے۔ ماہرین نے ہالینڈ کی لمبرگ نرسری میں ایک سے 4 سال کے بچوں پر 3 ماہ تک ریسرچ پروگرام کیا۔ ماسٹر چٹ یونیورسٹی کے وینلو کیمپس سے تعلق رکھنے والے ریسرچر برٹ وان بلکوم کا کہنا ہے کہ کم عمری ہی میں سبزیاں کھانے کی عادت ڈالنا بہت اہم ہے۔
انھوں نے کہا کہ سابقہ ریسرچ سے یہ ظاہر ہوا تھا کہ چھوٹے بچے عام طورپر نئی سبزی 8-10 دفعہ کھانے کے بعد اسے پسند کرنے لگتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ بھی ظاہر ہوا کہ بچوں سے بار بار سبزیاں کھانے کو کہنے سے بھی ان میں سبزیاں کھانے کا شوق پیدا ہوتا ہے۔ ہم یہ بھی جاننا چاہتے تھے کہ کوئی انعام دینے سے کچھ تبدیلی پیدا ہوسکتیہے۔ نرسری میں مجموی طور پر 598 بچوں نے ویجیٹیبل باکس پروگرام میں حصہ لیا، ان بچوں کو 3 گروپوں میں تقسیم کیا گیا تھا، پہلے گروپ سے کہا گیا کہ سبزی کھائو تو انعام ملے گا۔
دوسرے گروپ کو سبزیاں دی گئیں لیکن کوئی انعام نہیں دیا گیا اور ایک کنٹرول گروپ کو سبزیوں اور انعام کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔ پہلے گروپ کو 3 ماہ تک نرسری میں روزانہ مختلف سبزیاں کھانے کا موقع دیا گیا۔ انعام والے گروپ کو اسٹیکر یا کھلونا تاج جیسے انعام دیئے گئے۔ اسٹڈی کے آغاز اور اختتام پر سبزیوں سے متعلق ان کی معلومات اور ان کو کھانے پر آمادگی کا اندازہ لگایا گیا۔ یہ اندازہ بچوں کو 14 مختلف طرح کی سبزیاں دے کر ان سے یہ سوال کر کے لگایا گیاکہ وہ ان میں کتنی سبزیوں کے نام جانتے ہیں۔ ان 14 سبزیوں میں ٹماٹر، چقندر، گاجر، مرچ، پیاز، گوبھی، مٹر، بند گوبھی، مشروم، ہرا لوبیا، رسیلے کونپل والا ایک پودا اور کدو شامل تھا۔
اس کے بعد سبزیاں کھانے کی مقدار کا اندازہ لگانے کیلئے بچوں کو 6 سبزیوں ٹماٹر، چقندر، گاجر، مرچ، مولی اور گوبھی دی گئی کہ وہ ان کو اپنی پسند کے مطابق کاٹیں اور پھر گن کر بتائیں کہ اس میں وہ کتنی کھانا چاہیں گے، نتیجے سے ظاہر ہوا کہ کنٹرول گروپ کے بچوں نے، جنھوں نے ابتدا میں 8 کے قریب سبزیاں کھانے پر آمادگی ظاہر کی تھی، 10 کے قریب سبزیاں کھانے پر آمادگی ظاہرکردی، جن بچوں کو انعام دیئے گئے تھے اور جن کو انعام نہیں دیئے گئے تھے، انھوں نے 9 کے بجائے 11 سبزیاں کھانے پر آمادگی ظاہر کی، جب اسٹڈی شروع کی گئی تو تمام بچوں نے 5-6 سبزیاں کھانے کی خواہش ظاہر کی تھی، کنٹرول گروپ میں یہ تعداد کم ہوگئی، جن لوگوں کو کوئی انعام نہیں دیا گیا، ان کی عادتوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور جن کو انعام دیئے گئے۔
ان میں 7 کا اضافہ ہوگیا۔ اسٹڈی سے ظاہر ہوا کہ سبزیاں کھانے کی خواہش میں نمایاں اضافہ صرف ان میں ہوا، جنھیں انعام دیئے گئے۔ وان بیلکوم کا کہنا ہے کہ بچوں کو کیئر سینٹر میں باقاعدگی کے ساتھ سبزیاں دینے سے ان میں سبزیوں کو شناخت کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے لیکن بچوں کو سبزیاں کھانے پر انعام دینے سے ان میں مختلف سبزیاں کھانے کے خواہش میں اضافہ ہوتا ہے۔ تاہم انعام میں دی جانے والی چیز بڑی اہمیت رکھتی ہے، انعام کھیلنے والی چیز ہونی چاہئے، کھانے والی نہیں۔
Comments are closed.